اسلام آباد ٹول پلازہ کے قریب حادثہ، 12 مسافر جاں بحق



اسلام آباد ٹول پلازہ پر مسافر وین کو حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں اب تک 12 افراد کے جاں بحق ہوچکے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق حادثہ سرگودھا سے راولپنڈی آنے والی ہائی ایس میں ڈرائیور کی مبینہ غفلت کی وجہ سے پیش آیا۔

ڈرائیور کی مبینہ لاپرواہی کے باعث سرگودھا سے راولپنڈی آنے والی گاڑی ٹول پلازہ کی دیوار سے ٹکرا کر قلابازیاں کھاتے ہوئے الٹ گئی۔

ترجمان موٹر وے کے مطابق واقعے میں آٹھ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گاڑی میں آگ لگنے سے زیادہ نقصان ہوا۔

مزید پڑھیں: ڈی جی خان میں ٹریفک حادثہ، جاں بحق افراد کی تعداد 21 ہوگئی

حادثہ پیش آنے کے وقت گاڑی کی رفتار 100 کلو میٹر فی گھنٹہ سے بھی زیادہ تھی، ڈرائیور نے پول پلازہ قریب آنے کے باوجود بھی بریک نہ لگایا۔

زخمیوں میں سے کئی کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ڈرائیورز کی غفلت اور ناقص سڑکوں کے باعث ملک میں آئے روز حادثات پیش آتے رہتے ہیں جن میں اکثر قیمتی جانیں ضائع ہوجاتی ہیں۔

گزشتہ سال اکتوبر میں کوہستان میں مسافر ویگن گہری کھائی میں جاگری ہے جس کے نتیجے میں 17 افراد زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: کوہستان میں ویگن کو حادثہ، 17 افراد جاں بحق

پولیس کے مطابق مسافر ویگن ضلع غذر سے راولپنڈی جارہی تھی کہ گہری کھائی میں جاگری، یہ حادثہ تھانہ لوٹر کی حدود میں پیش آیا ہے۔

اکتوبر میں ہی ڈیرہ غازی خان میں تیز رفتار مسافر بسوں میں تصادم کے نتیجے میں 21 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں سے 12 افراد کا تعلق ملتان کے علاقے پل باراں سے جب کہ دو افراد کا تعلق مظفر گڑھ سے تھا۔

تاہم عینی شاہدین کے مطابق دونوں بسوں کے درمیان حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔


متعلقہ خبریں