مودی کا مقابلہ: سماج وادی پارٹی نے تیج بہادر کو نامزد کردیا

مودی کا مقابلہ: سماج وادی پارٹی نے تیج بہادر کو نامزد کردیا

نئی دہلی: بھارت کی سماج وادی پارٹی نے وزیراعظم نریندر مودی کا انتخابی میدان میں بھرپور مقابلہ کرنے کے لیے عین وقت پر اپنا انتخابی امیدوار تبدیل کردیا اور بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس کے سابق اہلکار تیج بہادر کو اپنا امیدوار نامزد کردیا۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق سماج وادی پارٹی نے وارانسی سے شالنی یادو کو انتخابی ٹکٹ دینے کا فیصلہ تبدیل کیا اور تیج بہادر کو اپنا امیدوار نامزد کردیا۔

اس فیصلے کے بعد اب وزیراعظم نریندر مودی کا مقابلہ بنارس کی نشست سے تیج بہادر کریں گے جو پہلے ہی اپنی ویڈیو وائرل ہونے کی وجہ سے کافی شہرت حاصل کرچکے ہیں۔

بھاررتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایس پی-بی ایس پی-آر ایل ڈی اتحاد نے انھیں باضابطہ طور پر انتخابی نشان بھی الاٹ کر دیا ہے۔

سماج وادی پارٹی کے ریاستی ترجمان منوج رائے دھوپ چنڈی جب پیر کے دن تیج بہادر کو اپنے ہمراہ لے کر کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے پہنچے تو ذرائع ابلاغ کو اتنی بڑی سیاسی و انتخابی تبدیلی کا علم ہوا۔

تیج بہادر نے اس سے قبل اسی نشست سے بطور آزاد امیدوار انتخاب میں حصہ لینے کا اعلان کیا تھا۔ ان کی حمایت میں گزشتہ دنوں بھارتی فوج سے سبکدوش کیے جانے والے فوجیوں نے بھی تیج بہادر کی حمایت میں سیاسی مورچہ زن ہونے کا اعلان کیا تھا اور وہ وارانسی میں باقاعدہ ڈیرہ ڈالے ہوئے ہیں۔

شالنی یادو نے بھی گزشتہ چند روز قبل ہی سماج وادی پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا تھا جس کے بعد سماج وادی پارٹی نے وزیراعظم کے مدمقابل انہیں انتخابی ٹکٹ دینے کا اعلان کردیا تھا۔

بارڈر سیکیورٹی فورسز سے تعلق رکھنے والے جوانوں کو غیر معیاری کھانا فراہم کیا جاتا ہے پر مبنی ویڈیو بنا کر اسے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرنے والے تیج بہادر اس جرات رندانہ پر سرکاری ملازمت سے سبکدوش کردیے گئے تھے۔

تیج بہادر نے اپنی سبکدوشی کے بعد وزیراعظم کے مدمقابل الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان کیا تھا۔ وہ خود کو اصلی چوکیدارکہتے ہیں۔ ان کا مؤقف ہے کہ وہ نقلی چوکیدار کے مد مقابل ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ بھارتی میڈیا کے مطابق تیج بہادر کو کئی دیگر جماعتوں کو بھی حمایت حاصل ہوگئی ہے۔

تیج بہادر یادو جو بارڈر سیکورٹی فورس میں رہ چکے ہیں کا مؤقف ہے کہ مقبلہ اصلی اور نقلی چوکیدار کے درمیان ہے۔


متعلقہ خبریں