گیم آف تھرونز کا کردار ٹیرین لینسٹر راولپنڈی میں موجود

گیم آف تھرونز کا کردار ٹیرین لینسٹر راولپنڈی میں

فوٹو: فائل


راولپنڈی: ہالی ووڈ کی معروف سیریز ’’ گیم آف تھرونز‘‘ کے کردار ٹیرین لینسٹر کو راولپنڈی کے مقامی ہوٹل میں کام کرتے دیکھ کر لوگ حیران رہ گئے۔

پيٹر ڈنکليج المعروف ٹيرين لينسٹر کے پاکستانی ہم شکل کا نام روزی خان ہے جو مانسہرہ میں پیدا ہوئے جو ٹیرین لینسٹر کے ہم شکل کے علاوہ قد میں بھی 4 فٹ 5 انچ کے ہی ہیں۔

ٹیرین لینسٹر کا کردار گیم آف تھرونز کا جاندار اور اہم ترین کردار ہے جو ڈرامے کی پہلی قسط سے ہی اس میں شامل رہا ہے۔ اس کردار کو امریکی اداکار 49 سالہ پیٹر ڈنکلیج ادا کرتے ہیں جن کا قد 4 فٹ سے بھی کم ہے تاہم دنیا بھر میں لوگ پیٹر ڈنکلیج کو اپنے کردار ’ٹیرن لینسٹر‘ کے نام سے جانتے ہیں۔

کچھ ماہ قبل تک 26 سالہ روزی خان نے ڈکلیج کے بارے میں نہیں سنا تھا لیکن ان کی زندگی کا رخ اس وقت بدلا جب ہوٹل مالک کے بیٹے نے روزی خان کے ساتھ تصویر بنائی اور سوشل میڈیا پر جاری کر دی۔

روزی خان کا کہنا تھا کہ ہوٹل مالک کا بیٹا مجھے پیٹر ڈنکلیج کے نام سے پکارتا تھا، بعد ازاں میں نے پیٹر ڈنکلیج کے شو کو دیکھا اور رفتہ رفتہ میں مشہور ہو گیا۔

انہوں نے اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں نہ صرف فلموں میں کام کرنا چاہتا ہوں بلکہ پیٹر ڈنکلیج سے ملنے کی بھی خواہش رکھتا ہوں۔

گیم آف تھرونز کا آٹھواں اور آخری سیزن 19 مئی کو اپنے اختتام کو پہنچے گا جس میں چھ قسطیں نشر کی جا رہی ہیں۔

واضح رہے کہ پیٹر ڈنکلیج شادی شدہ ہیں اور ان کے 2 بچے بھی ہیں، وہ اپنی اداکاری پر متعدد ایوارڈز جیت چکے ہیں۔

اس ڈرامے نے اب تک 47 ایمی ایوارڈز جیتے ہیں جو کسی بھی ڈرامے کی جانب سے جیتے جانے والے سب سے زیادہ ایوارڈز ہیں۔

ڈرامے کے آخری سیزن کی کہانی ’دی ونڈ آف ونٹر’ نامی ناول سے لی گئی ہے، جس میں 2 طاقتور خاندانوں کو سات سلطنتوں پر قبضے کرنے کی کوشش کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں