واڈیا گروپ کے وارث نیس واڈیا کو 2 سال کی سزا

واڈیا گروپ کے وارث نیس واڈیا کو 2 سال کی سزا

فوٹو: فائل


نئی دہلی: بھارتی ارب پتی خاندان واڈیا گروپ کے وارث نیس واڈیا کو جاپان میں دو سال کی سزا سنا دی گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نیس واڈیا کو جاپان کی عدالت نے 25 گرام منشیات رکھنے کے جرم میں دو سال کی سزا سنائی۔ انہیں ایک ماہ قبل منشیات رکھنے کے جرم میں شمالی جاپان کے ایک ائرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا۔

عدالت نے نیس واڈیا کو منشیات رکھنے کا اعتراف کرنے پر سزا 5 سال کے لیے معطل کر کے رہا کر دیا۔

واضح رہے کہ نیس واڈیا کی گرفتاری کی وجہ سے واڈیا گروپ کے شیئرز کی قیمت میں 17 فیصد کمی واقع ہوئی تھی۔ 47 سالہ نیس واڈیا بھارت کے ممتاز پارسی صنعتکار نسلی واڈیا کے بیٹے ہیں جن کے اثاثوں کی مالیت 7 ارب ڈالر ہے۔

نیس واڈیا 283 سال قدیم واڈیا گروپ کے وارث ہیں جس نے ماضی میں برٹش انڈیا کمپنی کے ساتھ مل کر کام بھی کیا جس کے اثاثوں کی مجموعی مالیت 13 ارب ڈالر کے قریب ہے۔ واڈیا گروپ کے اکلوتے وارث نیس واڈیا معروف انڈین پریمیئر لیگ کے مشترکہ مالک بھی ہیں جس کی دوسری مالک بھارتی اداکارہ پریٹی زنٹا ہیں۔

واڈیا گروپ کے اکلوتے وارث پر پریٹی زنٹا نے جنسی ہراساں کرنے کا الزام بھی عائد کرتے ہوئے نیس واڈیا کے خلاف مقدمہ درج کرایا تھا تاہم بعد ازاں دونوں کے درمیان ایک سمجھوتے کے تحت معاملات طے پا گئے تھے اور پریٹی زنٹا نے اپنا کیس واپس لے لیا تھا۔

نیس واڈیا بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے پڑنواسے بھی ہیں۔ نیس واڈیا کے والد نسلی واڈیا قائد اعظم محمد علی جناح کی اکلوتی بیٹی دینا کے بیٹے تھے۔ دینا جناح نے صنعتکار نویلی واڈیا سے شادی کی تھی۔


متعلقہ خبریں