حکومت کی ناکام پالیسیاں معیشت کو دفن کرنے کے درپے ہیں، بلاول

حکومت کی ناکام پالیسیاں معیشت کو دفن کرنے کے درپے ہیں، بلاول

فائل: فوٹو


اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی ناکام پالیسیاں معیشت کو دفن کرنے کے درپے ہیں جب کہ حکومت نے غریب مزدوروں سے روٹی بھی چھین لی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے یوم مئی پر جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ اپنے حقوق کی جدوجہد میں قربانیاں دینے والے محنت کشوں کو سلام پیش کرتا ہوں جب کہ پاکستان کے محنت کش طبقات آج بھی اپنے جائز حقوق سے محروم ہیں۔

مزدوروں کے حقوق پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کل مزدوروں کے حقوق پر نقب زنی عروج پر ہے جب کہ موجودہ حکومت مزدوروں کے مفادات کا متضاد بن چکی ہے۔ موجودہ حکمرانوں نے مہنگائی آسمان پر پہنچا کر غریب مزدوروں سے روٹی ہی چھین لی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ موجودہ حکومت کی ناکام پالیسیاں معیشت کو دفن کرنے کے درپے ہیں اور ایسے مشکل حالات میں صرف پیپلز پارٹی ہی ملک کو سنبھال سکتی ہے  کیونکہ پیپلز پارٹی کاروباردوست اقدامات اور محنت کشوں کے مفادات کے درمیان توازن برقرار رکھ سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں یکم مئی: مزدوروں کا عالمی دن

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا 1973 کا آئین محنت کشوں کی منصفانہ اُجرت، ان کی حفاظت اور یکساں حقوق کی ضمانت دیتا ہے اور پیپلز پارٹی کے نظریے کی اساس بھی مزدور دوستی اور جمہوریت ہی ہے۔ ذوالفقار علی بھٹو نے اپنے دورِ حکومت کے دوران ملک میں پہلی بار مزدور پالیسی کا اجراء کیا اور ملک میں ٹریڈ یونینز کے حقوق متعارف کرائے تھے۔

مشکل حالات میں صرف پیپلز پارٹی ہی ملک کو سنبھال سکتی ہے، بلاول بھٹو

مزدوروں کے حوالے سے پیپلز پارٹی کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے بے نظیر ایمپلائز اسٹک آپشن اسکیم کا اجراء کیا تھا جب کہ سندھ حکومت کی جانب سے متفقہ سہہ فریقی لیبر پالیسی کا اجراء بھی بڑا بریک تھرو ہے اور یہ سہہ فریقی لیبر پالیسی کا میکنزم کاروباری اداروں اور ان کے ملازمین کے لیے سودمند ثابت ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب بھی مزدوروں کے لیے مزید بہتری کی گنجائش موجود ہے جب کہ محنت کشوں کے دیگر مسائل بھی حل کرنے کی ضرورت ہے، ہم آج یہ عہد کریں کہ محنت کشوں کو درپیش مشکلات و چیلنجز کا سامنا عزم و حوصلے سے کریں گے


متعلقہ خبریں