دشمن کی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا، سربراہ پاک فضائیہ



اسلام آباد: پاک فضائیہ کے سربراہ مجاہد انور خان نے کہا ہے کہ دشمن کی جانب سے کسی قسم کی جارحیت کا جواب پہلے سے بھی زیادہ سخت انداز سے دیا جائے گا۔

پاک فضا ئیہ کے سربراہ ائر چیف مارشل مجاہد انور خان نے ائر ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ 264 ویں ائر اسٹاف پریزنٹیشن کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 27 فروری کو دشمن کی جارحیت کے خلاف پاک فضائیہ کی جوابی کارروائی تاریخ میں “آپریشن سوفٹ ریٹارٹ” کے نام سے یاد رکھی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اللہ نے ہمیں قوم کی توقعات پر پورا اترنے کا موقع فراہم کیا ہم اُس کے حضور سجدہ شکر بجا لاتے ہیں۔

ائرچیف مارش مجاہد انور خان نے پاک فضائیہ کی صلاحیتوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ کی بروقت کارروائی ہمارے عزم و حوصلے اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی اہلیت کی ایک بہترین مثال ہے۔

یہ بھی پڑھیں پاکستان کا سرپرائز، 2 بھارتی طیارے تباہ کر دیے

انہوں نے پاک فضائیہ کے جوانوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ فضائیہ کے جوان ان مشکل حالات میں فارورڈ آپریٹنگ بیسز پر اپنی ذمہ داریاں مثالی عزم و حوصلے، استقامت اور بہادری سے سرانجام دے رہے ہیں جب کہ آئندہ بھی دشمن کی جانب سے کسی قسم کی جارحیت کا جواب بھرپور انداز میں دیا جائے گا۔

دوسری جانب امیرالبحر ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے نائیجیریا دورے کے اختتامی مرحلے میں لاگوس میں مصروف دن گزارا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول چیف نے نائجیرین بحری جہاز کوررا، نائیجیرین نیوی کے ویسٹرن فلیٹ ہیڈ کوارٹرز اور نیول ڈاکیارڈ کا دورہ بھی کیا جب کہ اس دوران مختلف جگہوں پر نیول چیف کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

نائجیرین جہاز پر آمد کے موقع پر امیرالبحر کو روایتی انداز میں اعزازی گارڈز نے سلامی پیش کی اور نیول چیف کو تربیتی، آپریشنل سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس دوران نیول چیف نے نائجیرین میری ٹائم سرویلینس سسٹم کا معائنہ بھی کیا۔

ڈاکیارڈ میں نیول چیف کو نائجیرین بحریہ کی جہازوں کی مرمت اور اس کی صلاحیتوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق چیف آف دی نیول اسٹاف کا دورہ نائجیریا دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان تعلقات کے فروغ کا باعث بنے گا۔


متعلقہ خبریں