مسعود اظہر اقوام متحدہ کی پابندیوں کی فہرست میں شامل


اسلام آباد: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے مسعود اظہرکو پابندیوں کی فہرست میں شامل کر لیا ہے تاہم مسعوداظہر کو تحریک آزادی کشمیر سے جوڑنے کی بھارتی کوشش ناکام بنا دی گئی ہے۔

ترجمان وزارت خارجہ ڈاکٹر فیصل نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ اقوام متحدہ 1267 کمیٹی نے مولانا مسعود اظہر کو اقوام متحدہ کی پابندیوں کی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کمیٹی کے تمام تکنیکی معاملات کا احترام کیا ہے تاہم پاکستان نے کمیٹی کے سیاسی استعمال کی مخالفت کی ہے۔

ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ کشمیریوں کی حق خود ارادیت کو دہشتگردی سے جوڑنے کی بھارتی کوشش ناکام ہو گئی ہے، بھارتی میڈیا میں پروپیگنڈہ پر مبنی خبریں چلائی گئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پابندیوں کے باعث اب مسعود اظہر کے اثاثے منجمد، سفری پابندی اور انہیں اسلحے کی خرید و فروخت پر پابندی کا سامنا ہوگا۔ پاکستان ان پابندیوں کا فوری طور پر اطلاق کرے گا۔

ڈاکٹر فیصل کے مطابق پاکستان کا موقف تھا کہ کشمیریوں کی جدوجہد مقامی اور قانونی ہے، کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں موجود ہے، اسے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل ہونا چاہیے۔

چین نے مولانا مسعود اظہر کے خلاف بھارتی قرار داد ویٹو کر دی

‏اس سے قبل 13 مارچ کو چین نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مولانا مسعود اظہر کے خلاف بھارت کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد کو ویٹو کر دیا تھا جس کے بعد امریکا اس معاملے کو واپس یو این کمیٹی میں لے آیا تھا۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اس مسئلے پرمتعلقہ اداروں کو قوانین اور طریقہ کار کی پیروی کرنی ہوگی، تمام فریقین کیلئے قابل قبول حل مناسب ہوگا۔

چین اب تک مولانا مسعود اظہر پر پابندی کی قرارداد کو چار مرتبہ ویٹو کر چکا ہے۔


متعلقہ خبریں