قوم دعا کرے، جلد خوشخبری ملنے والی ہے، عمران خان



اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے پاکستانی عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ دعا کریں کیونکہ پاکستان کو جلد بہت بڑی خوشخبری مل سکتی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کی 23 ویں یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام پاکستانی گھر جا کر دو نفل ادا کریں اور دعا کریں کیونکہ دو ہفتے بعد معلوم ہو جائے گا کہ کراچی کے سمندر میں گیس کے کتنے ذخائر موجود ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر گیس کے ذخائر اس تناسب سے نکل آئے جس کی ماہرین توقع کر رہے ہیں تو آنے والے پچاس سالوں تک پاکستان کے لیے گیس کی کمی کے مسائل ختم ہو جائیں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان میں تیل اورگیس کی دریافت میں پیش رفت کے حوالے سے ایگزون موبل کے وفد نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی تھی۔

ایگزون کمپنی کے چیئرمین الیکس والکوف نےملاقات کے دوران کراچی کے سمندر میں ڈرلنگ کے نتائج سے وزیراعظم کو آگاہ کیا ۔ وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی اور مشیر تجارت عبدالرزاق دائود بھی ملاقات میں شریک تھے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ صحافیوں سے ملاقات میں بھی وزیراعظم  عمران خان نے کہا تھا کہ آئندہ چند دنوں میں  گیس کی دریافت سے متعلق بڑی خوشخبری سکتی ہے۔ اگر گیس دریافت ہو گئی تو یہ ایشیا کا سب سے بڑا ذخیرہ ہو گا۔


متعلقہ خبریں