بلاول کا رمضان کے بعد حکومت کے خلاف احتجاج کا اعلان


کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے رمضان کے بعد حکومت کے خلاف سڑکوں پر آنے کا اعلان کر دیا۔

کراچی کے علاقے داؤود چورنگی میں یوم مزدور کے سلسلے میں منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم پارلیمنٹ کے اندر اور باہر احتجاج کریں گے اور عوام کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کا حساب  لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ صرف پیپلزپارٹی ہی ملک کو ترقی دے سکتی ہے۔ ہمارا وزیر خزانہ تو لے لیا مگر معاشی پالیسی نہیں اختیار کیں۔ حکومت سمجھتی ہے کہ پیسے والے کو تقویت دیں گے تو ملک ترقی کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: صدارتی نظام اور فوجی عدالتوں پر مؤقف نہیں بدلیں گے، بلاول

چئیرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں غریب کو پیسے ملیں گے تو ملک ترقی کرے گا۔ موجودہ حکومت اگر ایمنسٹی بھی دیتی ہے تو امیر کے لیے ہوتی ہے۔

انہوں نے حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ٹیکس اور مہنگائی کا بوجھ غریب پر ڈالا جا رہا ہے۔ غریب کسانوں کی سبسڈی اور نوجوانوں کے پیسے روکے جا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم آج کراچی میں اکٹھے ہو کر یوم مزدور منا رہے ہیں۔ آج مزدوروں کو گھر دے کر ہم قائد عوام کا وعدہ نباہ رہے ہیں۔ آج نئے پاکستان میں ہمارا مزدور لاوارث چھوڑ دیا گیا ہے اور اس کا معاشی قتل کیا جا رہا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم مزدور کا حق چھیننے نہیں دیں گے اور ان کے بازو بن کر حقوق دلائیں گے۔ سندھ نے کسانوں کو یونین سازی کرنے کا حق دیا۔ وفاقی حکومت نے مہنگائی کردی اور عوام کی مشکلات بڑھائیں۔


متعلقہ خبریں