خواجہ برادران کے ریمانڈ میں 14 دن کی توسیع

خواجہ برادران کیخلاف پیرا گون ہاؤسنگ سوسائٹی کیس کی سماعت آج ہو گی

فوٹو: فائل


لاہور: مسلم لیگ نون کے رہنما خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 دن کی توسیع کر دی گئی۔

لاہور کی احتساب عدالت میں سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی خواجہ سلمان رفیق کے خلاف پیرا گون ہاؤسنگ سوسائٹی کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے خواجہ برادران کے ریمانڈ میں مزید 14 دن کی توسیع کرتے ہوئے انہیں 16 مئی کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

خواجہ برادران سے اظہار یکجہتی کے لیے لیگی کارکنان کی بڑی تعداد عدالت کے باہر موجود تھی جو دونوں بھائیوں کی رہائی کے لیے مسلسل نعرے لگاتے رہے۔

خواجہ برادران کی حمایت میں آئے لیگی کارکنان نے حکومت کے خلاف بھی احتجاج کیا۔

یہ بھی پڑھیں خواجہ برادران کی گرفتاری سیاسی انتقام کی کڑی ہے، مریم اونگزیب

خواجہ برادران کی عدالت میں پیشی کے موقع پر عدالت کے اندر اور باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، عدلت کے اطراف پولیس کی اضافی نفری تعینات تھی۔ کیس کی سماعت کے دوران کمرہ عدالت میں کسی بھی غیر متعلقہ شخص کے داخلے کی اجازت نہیں تھی۔

مسلم لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد میں موجود ہیں جس کی وجہ سے انہیں عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔

خواجہ برادران پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار ہیں اور ان پر پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل سمیت تین مقدمات درج ہیں۔

یاد رہے کہ ن لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق پر پیراگون اسکیم کے نام پر اربوں روپے فراڈ کا الزام ہے۔ نیب کا مؤقف ہے کہ دونوں ملزمان نے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا۔

خواجہ برادران کو پیراگون سٹی کرپشن کیس میں مبینہ طور پر مالی فوائد حاصل کرنے کے الزام میں گرفتار کر رکھا ہے۔ نیب نے 11 دسمبر 2018 کو خواجہ برادران کو گرفتار کیا تھا۔


متعلقہ خبریں