سرگودھا: غلط انجکشن لگنے سے بچہ جاں بحق

فوٹو: فائل


سرگودھا: کراچی کے بعد سرگودھا میں بھی غلط انجکشن لگنے سے معصوم بچہ جاں بحق ہو گیا۔

جاں بحق ہونے والے بچے کے والدین کا کہنا ہے کہ ڈیڑھ سالہ سمیر حیدر کو پیٹ کی بیماری کے باعث میڈیکل اسٹور لے کر گئے تھے جہاں موجود عطائی ڈاکٹر نے بچے کو انجکشن اور ڈرپ لگائی جس کے فوراً بعد بچہ کی حالت غیر ہو گئی۔

عطائی ڈاکٹر بچے کی بگڑتی حالت کو دیکھ کر موقع سے فرار ہو گیا

واقعہ کے خلاف بچے کے لواحقین نے احتجاج بھی کیا، پولیس نے عطائی ڈاکٹر کی تلاش شروع کر دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں کراچی میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت، مزید 2 بچے جاں بحق

واضح رہے کہ گزشتہ کچھ دنوں سے غلط انجکشن لگنے سے ہونے والی ہلاکتوں کی خبریں معمول بنتی جا رہی ہیں لیکن حکومت کی جانب سے عطائی ڈاکٹروں کے خلاف  کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی۔

کراچی میں چار روز قبل بھی عطائی ڈاکٹرز نے دو بچوں کی جان لے لی تھی۔ غلط انجکشن لگنے سے 8 سالہ صبا نور جاں بحق ہو گئی جب کہ ملیر میں 3 ماہ کا بچہ بھی غلط انجکشن سے چل بسا تھا۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ڈاکٹرز کو گرفتار کر لیا تھا۔

اس سے قبل 24 اپریل کو راولپنڈی کا 20 سالہ نوجوان ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت کی وجہ سے جاں بحق ہو گیا تھا، کراچی میں بھی اسی طرح کا ایک واقعہ 14 اپریل کو بھی پیش آیا تھا جب چھوٹی بچی نشوا کو پیٹ درد کی شکایت پر دارالصحت اسپتال لایا گیا جہاں غلط انجکشن لگنے کی وجہ سے بچی کی حالت بگڑ گئی اور وہ کچھ دن لیاقت نیشنل اسپتال میں داخل رہنے کے بعد چل بسی۔


متعلقہ خبریں