ن لیگ کا رانا تنویر کو چیئرمین پی اے سی بنانے کا فیصلہ



اسلام آباد: مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی نے رانا تنویر کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کا چیئرمین اور خواجہ آصف کو پارلیمانی رہنما مقرر کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

خواجہ آصف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف جماعت کے رہنما ہیں، ہم انہی کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی اے سی کی تبدیلی سے روایت نہیں ٹوٹے گی، ہم نے کوئی روایت نہیں توڑی بلکہ تین عہدے  جو کہ یکجا تھے انہیں تقسیم کیا ہے جس سے تمام عہدے موثر انداز میں امور سرانجام دے سکیں گے۔

خواجہ آصف نے بتایا کہ پیپلزپارٹی کو ان فیصلوں پر اعتماد میں لے چکے ہیں، شہباز شریف بجٹ اجلاس میں شریک ہوں گے، کچھ خاندانی مسائل اور صحت کی وجہ سے انہیں لندن جانا پڑا۔

مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر پیپلزپارٹی کو اعتماد میں لے لیا ہے، میثاق جمہوریت کے مطابق چیئرمین پی اے سی اپوزیشن سے ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ قائد حزب اختلاف تبدیل نہیں ہو رہا، اس حوالے سے تمام خبریں بے بنیاد ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی  کو چئیرمین پی اے سی تبدیل کرنے کے لیے خط لکھا جائے گا جس کے بعد اسپیکر آفس نئے چئیرمین کی تقرری کا نوٹیفیکیشن جاری کریں گے۔

پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں شاہد خاقان عباسی نے خواجہ آصف کو نامزد کیا اور کہا کہ یہ فیصلہ پارلیمانی رہنما شہبازشریف کی خواہش پر کیا جا رہا ہے، وہ ایک متحرک اور سینئر پارلیمنٹیرین ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی صدر شہباز شریف لندن پہنچ گئے

اس سے قبل مسلم لیگ ن کے مرکزی صدر شہباز شریف چیئرمین پی اے سی اور قومی اسمبلی میں اپنی جماعت کے پارلیمانی لیڈر تھے۔ تاہم 10 اپریل کو وہ لندن چلے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی پوتی اور پوتے کو دیکھنے لندن جا رہے ہیں اور جلد وطن واپس لوٹ آئیں گے۔

اس سے قبل لاہور ہائی کورٹ نے نیب کے دو ریفرنسز میں ان کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے شہباز شریف کی فوری رہائی کا حکم دیا تھا۔

مبصرین اس تبدیلی کو ایک نئے این آر او کا نام دے رہے ہیں، کئی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے حلقوں میں شہباز شریف کو چیئرمین پی اے سی مقرر کرنے پر شدید تحفظات موجود تھے، خود عمران خان بھی اس فیصلے پر ناخوش تھے۔


متعلقہ خبریں