کراچی: نقل مافیا کا راج، آج بھی پرچہ آؤٹ

سندھ میں امتحانات: سوالیہ پیپر امتحانی مرکز سے پہلے سوشل میڈیا پر

فائل فوٹو


کراچی : کراچی میں انٹرمیڈیٹ امتحانات میں نقل کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک 16 پرچے آؤٹ ہو چکے ہیں لیکن انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

آج بھی یہ روایت قائم رہی اور انٹرمیڈیٹ کا اردو لازمی کا پرچہ امتحانی مراکز تک پہنچنے سے قبل ہی نقل مافیا تک پہنچ گیا اور سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا۔ امیدوار نقل کر کے جوابی کاپیاں بھرنے میں مصروف رہے۔

دو روز قبل بھی کراچی میں انٹرمیڈیٹ کا پرچہ آؤٹ ہو گیا تھا اور امتحان شروع ہونے سے 40 منٹ قبل سوشل میڈیا پر جوابات کے ساتھ آ گیا تھا۔

انتظامیہ امتحانات میں نقل کی روک تھام میں مکمل طور پر ناکام رہی اور آج بھی کچھ اسی طرح کی صورتحال کا سامنا رہا۔ دو روز قبل انٹرمیڈیٹ کا  کیمسٹری کا پرچہ امتحانی مراکز پہنچنے سے قبل ہی نقل مافیا کے ہاتھ چڑھ گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں کراچی میں انٹر میڈیٹ امتحانات کا آغاز، میڈیا پر پابندی

اس سے قبل بھی انٹرمیڈیٹ کے پرچے آؤٹ ہونے کی خبر میڈیا کی زینت بنتی رہی ہے تاہم بورڈ حکام اور حکومت کی جانب سے نقل کی روک تھام کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے گئے ہیں۔

سندھ بھر میں جاری انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں نقل مافیا کا راج بدستور برقرار ہے اور پرچے کمرہ امتحان میں پہنچنے سے قبل سوشل میڈیا پر آؤٹ  ہونے کی شکایات سامنے آ رہی  ہیں۔

سکھر بورڈ کے زیرانتظام گھوٹکی میں 22 اپریل کو ہونے والا کمیسٹری کا پرچہ فوٹو اسٹیٹ کی دکانوں پر500 میں فروخت کیا جاتا رہا اور سوشل میڈیا پر بنائے گئے گروپس میں بھی دستیاب تھا۔

رواں برس نقل مافیا نے سارے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں اور سوشل میڈیا نقل کرنے والوں کے لیے ایک آسان راستہ ثابت ہو رہا ہے جبکہ اس مافیا کے خلاف کسی قسم کے سخت انتظامات بھی نہیں کیے جارہے۔


متعلقہ خبریں