کچھ لوگ اغیار کے ہاتھوں کھیل رہے ہیں، آرمی چیف


راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ  پی ٹی ایم کے چند لوگ غیروں کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں، بیرونی امداد لینے والے عوام کے جذبات سے کھیل رہے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق  انہوں نے دورہ پشاور کے موقع پر خیبرپختونخوا کی مختلف یونیورسٹیز کے طلباء سے گفتگو کی اور کہا کہ پاکستانی قوم اور افواج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عظیم کامیابی حاصل کی، چند لوگ دہشت گردی کا شکار ہونے والوں کے جذبات سے کھیل رہے ہیں، دہشت گردی سے متاثرہ افراد کو اس وقت دیکھ بھال کی ضرورت ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ خیبر پختونخوا کو دہشت گردی کے خلاف آپریشن کے بعد کے مسائل کا سامنا ہے، ہم دشمن طاقتوں کے تمام منصوبوں کو ناکام بنا دیں گے۔ جو مسائل اجاگر کیے گئے وہ  آپریشن کے بعد ماحول میں صحیح اور فطری ہیں۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ حکومت اور سیکیورٹی فورسز بلا تفریق قبائلیوں کے حقیقی مسائل کو حل کرنے کی کوششیں کررہے ہیں، ہماری اولین ترجیح سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے دیرپا امن کا قیام ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی نوجوان نسل ہونہار اور انتہائی باصلاحیت ہے، نوجوان نسل پاکستان کا مستقبل ہے۔ اس موقع پر طلبا نے مسلح افواج کو اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا اور کہا کہ  وہ پاکستان کے روشن مستقبل میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے، آرمی چیف

سات روز قبل آرمی چیف نے کشمیر رجمنٹل سینٹر کا دورہ  کیا تھا جس کے دوران انہوں نے لیفٹیننٹ جنرل شیرافگن کو کرنل کمانڈنٹ کے بیجز لگائے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈر راولپنڈی جنرل بلال اکبر اور ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمٰن بھی اس موقع پر موجود تھے۔

تقریب میں بڑی تعداد میں حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسروں اور جوانوں نے شرکت کی تھی جبکہ آرمی چیف نے یاد گار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔

اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر رجمنٹ کی مادر وطن کے دفاع میں قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتاہوں۔ انہوں نے کہا تھا کہ آزاد کشمیر رجمنٹ نے روایتی اور دہشتگردی کے خلاف جنگوں میں وطن کا بھرپور دفاع کیا۔


متعلقہ خبریں