دبئی:برج خلیفہ کے مکین ایک وقت میں سحر و افطار نہیں کرسکتے؟

برج خلیفہ دنیا کا بلند ترین ڈونیشن باکس بن گیا

دبئی: دنیا کے مختلف ممالک اور شہروں کے مکین اپنے اپنے مقامی وقت کے مطابق رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں سحری اور افطار کرتے ہیں لیکن دبئی میں واقع برج خلیفہ ایک ایسی عمارت ہے جس کے مکین ایک ہی وقت میں نہ تو سحری کرسکتے ہیں، نہ افطار کرسکتے ہیں اور نہ ہی ان کے روزے کا دورانیہ ایک جیسا ہو گا کیونکہ اس اونچی عمارت کی مختلف منزلوں میں وقت تبدیل ہوجاتا ہے۔

عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق دبئی کے مفتی اعلیٰ ڈاکٹر احمد عبدالعزیز الحداد نے برج خلیفہ کے مکینوں سے متعلق بتایا ہے کہ وہ بیک وقت افطار نہیں کرسکیں گے اور ان کے روزے کا دورانیہ بھی مختلف ہوگا۔

دبئی میں واقع عالمگیر شہرت یافتہ عمارت برج خلیفہ 160 منزلہ ہے۔ اعلان کردہ شیڈول کے مطابق 80 سے 150 ویں منزل تک کے مکین نماز مغرب کے دو منٹ بعد افطار کرسکیں گے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ دبئی کی مساجد میں عشا کی اذان کے دو منٹ بعد نماز عشا ادا کرسکیں گے اور اذان فجر کے دومنٹ بعد تک ہی سحری بھی کرنے کے مجاز ہوں گے۔

150 ویں منزل سے لے کر 160 ویں منز ل تک کے مکین اذان کے تین منٹ بعد روزہ افطار کریں گے جب کہ فجر کی اذان کے تین منٹ بعد تک سحری بھی کرسکیں گے۔

برج خلیفہ کی 80 ویں کے مکین دبئی کے دیگررہائشیوں کی طرح مغرب کی اذان ہوتے ہی افطار اورفجر کی اذان ہوتے ہی سحری ختم کرنے کے پابند ہوں گے۔

عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق سعودی عرب میں امسال روزہ اوسطاً 14 گھنٹے اور 40 منٹ کا ہوگا۔ فلکیاتی امور کے ماہر عبدالعزیز الحصینی کے مطابق بعض شہروں میں یہ دورانیہ کم یا زیادہ  ہو گا۔ ان کا کہنا ہے کہ رمضان کے آغاز اور اختتام پر بھی روزے کا دورانیہ تبدیل ہوگا۔

الیوم اخبار سے بات چیت میں عبدالعزیز الحصینی نے پیشن گوئی کی کہ رمضان المبارک کے دوران ریاض اور قصیم میں سعودی عرب کے دیگر علاقوں کی نسبت گرمی زیادہ ہوگی۔

ماہرین فلکیات کے مطابق سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں روزہ 15 گھنٹے 12منٹ اور اردن کے دارالحکومت عمان میں 15 گھنٹے 54 منٹ کا ہو گا۔

متحدہ عرب امارات کی ریاست ابوظہبی میں روزے کا دورانیہ 14 گھنٹے 58 منٹ، شام کے دارالحکومت دمشق اور لبنان کے دارالحکوت بیروت میں روزے کا دورانیہ 16 گھنٹے دو منٹ کا ہو گا۔

بیت المقدس اور اس کے اطراف میں مقیم روزہ دار تقریباً 15 گھنٹے اور 46 منٹ کے بعد روزہ افطار کرسکیں گے۔

سوڈان کے درالحکومت خرطوم میں روزے کا دورانیہ 14 گھنٹے 27 منٹ، کویت میں 15 گھنٹے 34 منٹ، بحرین کے دارالحکومت منامہ میں 15 گھنٹے 45 منٹ اور سلطنت عمان کے دارالحکومت مسقط میں 15 گھنٹے اور ایک منٹ ہوگا۔

ماہرین کے مطابق قطر کے دارالحکومت دوحہ کے شہری 15 گھنٹے 7 منٹ طویل روزہ رکھیں گے جب کہ یمن کے شہر صنعا میں روزے کا دورانیہ 14 گھنٹے 27 منٹ کا ہو گا۔

مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں 15 گھنٹے 45 منٹ کا روزہ ہو گا، لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں 15 گھنٹے 31 منٹ، تیونس میں 16 گھنٹے ایک منٹ، الجزائر میں 16 گھنٹے 24 منٹ، مراکش کے دارالحکومت رباط اور عراق کے دارالحکومت بغداد میں میں 16 گھنٹے ایک منٹ کا روزہ ہو گا۔

دنیا میں سب سے طویل روزہ اسکینڈ نیوین ممالک میں رکھا جائے گا جہاں روزے کا دورانیہ 20 گھنٹے 30 منٹ طویل ہوگا۔

اسکینڈ نیوین ممالک میں سویڈن، ناروے، فن لینڈ، آئس لینڈ اور ڈنمارک شامل ہیں۔

دنیائے عرب میں میں طویل ترین روزہ الجزائر میں ہوگا جہاں روزے کا دورانیہ 16گھنٹے اور دو منٹ کا ہے۔ دنیا میں مختصر ترین دورانیے کا روزہ ارجنٹائن کے مسلمان رکھیں گے جس کا دورانیہ صرف آٹھ گھنٹے ہو گا۔


متعلقہ خبریں