لاہور میں پولیو وائرس کا تیسرا کیس



لاہور: پاکستان میں پولیو کا ایک نیا کیس سامنے آیا ہے  جس کے بعد رواں برس پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 9 ہوگئی ہے۔

پنجاب کے مرکزی شہر لاہور کے علاقے  داتا گنج بخش ٹاون میں 13 ماہ کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ یہ رواں سال لاہور میں پولیو کا تیسرا کیس ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق متاثرہ بچی کی پولیو ویکسینیشن کی کوئی ہسٹری نہیں تھی۔ لاہور میں گزشتہ 3 ماہ میں پولیو کے تین کیس سامنے آئے ہیں۔ گزشتہ روز اقبال ٹاون کے 10 سالہ بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق کا کیس سامنے آیا تھا جب کہ اس سے قبل شالیمار ٹاون کے ایک بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

لاہور میں پولیو وائرس کے تین کیس رپورٹ ہونے پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی لاہور ڈاکٹر آغا توحید کو معطل کر دیا گیا ہے۔ انہیں پولیو کے حوالے سے ناقص کارکردگی پرعہدے سے ہٹایا گیا ہے۔

ڈاکٹر آغا توحید کو محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے اور ان کی جگہ ڈاکٹر مسعود طارق ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز لاہور کو چیف ایگزیکٹو آفیسر کا اضافی چارج سونپا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پولیو کے دو نئے کیسز سامنے آ گئے

سیکیورٹی خدشات کے باعث پولیو مہم کا دوسرا مرحلہ ملتوی

انسداد پولیو پروگرام کے مطابق ایک کیس بنوں میں رپورٹ ہوا جہاں 22 ماہ کے حمزہ میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ دوسرا کیس شمالی وزیرستان سے سامنے آیا ہے جس میں دو سال کی رضیہ میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

خیال رہے کہ کچھ روز قبل ملک کے 12 بڑے شہروں میں خطرناک پولیو وائرس پی 1 کی موجودگی کا انکشاف ہوا تھا۔

اس انکشاف کے بعد نیشنل پولیو کنٹرول پروگرام نے راولپنڈی کی 16، اسلام آباد کی 5 یونین کونسلز اور پشاور کی پولیو مہم میں حکمت عملی تبدیل کی تھی۔ تینوں اضلاع میں 10 سال تک کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

پنجاب میں حال ہی میں ہونے والی پولیو مہم کا دوسرا مرحلہ سیکیورٹی کے سبب ملتوی کردیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق مہم کے دوران 12 ٹیموں پر حملے ہوئے جس کی وجہ سے  مہم ملتوی کی گئی ۔ دوسرے مرحلے میں پنجاب میں 7 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جانے تھے۔


متعلقہ خبریں