مسلم لیگ ن میں بڑی تبدیلیاں،مریم نواز نائب صدر مقرر

لیگی رہنماؤں نے وزیراعظم  سے ملاقات کی تصدیق کر دی

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے تنظیمی ڈھانچے میں بڑی تبدیلیاں کی گئی ہیں جس کے تحت مریم نواز کو نائب صدر مقرر کردیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق اویس لغاری کو پنجاب میں پارٹی کا جنرل سیکرٹری مقرر کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے جبکہ عابد شیرعلی، ایاز صادق اور برجیس طاہر،درشن لال، حمزہ شہباز اور خواجہ سعد رفیق کو نائب صدور مقرر کیا گیا ہے۔

اسی طرح خرم دستگیر، جاوید لطیف، محمد زبیر، مشاہد اللہ خان، پرویز رشید، نیلسن عظیم، راحیلہ درانی، رانا تنویر اور سردار مہتاب بھی نائب صدر مقرر،نوٹیفکیشن

پارٹی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق احسن اقبال کو پارٹی کا سیکرٹری  جنرل مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ شاہد خاقان عباسی کو سینیئر نائب صدر بنانے کا فیصلہ ہوا ہے۔

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ اسی طرح رانا ثناء اللہ کو پنجاب میں ن لیگ کا صدر بنانے اور مریم اورنگزیب کو پارٹی کی سیکرٹری اطلاعات اور ترجمان مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بطور پارٹی ن لیگ نے نیب قانون میں تبدیلی کا مطالبہ نہیں کیا، رانا ثناءاللہ

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ اسحاق ڈار مسلم لیگ ن صدر انٹرنیشنل افیئرز، نورالحسن تنویر جنرل سیکریٹری انٹرنیشنل افیئرز، بلیغ الرحمان اورعطا اللہ تارڑ ڈپٹی سیکریٹری جنرل، بلال اظہر کیانی، فرحان ظفر جھگڑا اور صورت تھیبو کو اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل مقررکیا گیا ہے۔

عباس آفریدی اور طلال چودھری جوائنٹ سیکریٹری، پرویز ملک سیکرٹری فنانس، طارق فاطمی سیکرٹری پالیسی اینڈ ریسرچ، عائشہ رضا فاروق، سیکرٹری ممبرشپ و ٹریننگ مقرر، مصدق ملک صدر پروفیشنل ونگ، مفتاح اسماعیل جنرل سیکرٹری سندھ اور حنیف عباسی کو پنجاب کے سینئر نائب صدر پنجاب تعینات کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق اسی طرح خواجہ سلمان رفیق نائب صدر پنجاب مقرر، راجا قمرالاسلام نائب صدر پنجاب، عظمی بخاری سیکریٹری اطلاعات پنجاب، سلمان علی خان مسلم لیگ ن کراچی کے صدر، نصیر الدین محمود کو ن لیگ کراچی کا سیکریٹری جنرل مقرر کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے گزشتہ روز مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی نے رانا تنویر کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کا چیئرمین اور خواجہ آصف کو پارلیمانی رہنما مقرر کرنے کی منظوری دی تھی۔

خواجہ آصف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ شہبازشریف جماعت کے رہنما ہیں، ہم انہی کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ چیئرمین پی اے سی کی تبدیلی سے روایت نہیں ٹوٹے گی، ہم نے کوئی روایت نہیں توڑی بلکہ تین عہدے  جو کہ یکجا تھے انہیں تقسیم کیا ہے جس سے تمام عہدے موثر انداز میں امور سرانجام دے سکیں گے۔

خواجہ آصف نے بتایا تھا کہ پیپلزپارٹی کو ان فیصلوں پر اعتماد میں لے چکے ہیں، شہباز شریف بجٹ اجلاس میں شریک ہوں گے، کچھ خاندانی مسائل اور صحت کی وجہ سے انہیں لندن جانا پڑا ہے۔


متعلقہ خبریں