شہباز شریف واپس نہیں آئیں گے،عندلیب عباس


اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما عندلیب عباس نے کہا کہ شہباز شریف واپس نہیں آئیں گے،ان کی تاریخ ہے یہ باہر بھاگ جاتے ہیں، پہلے شہباز شریف گئے اب نواز شریف جانا چاہتے ہیں۔

ہم نیوز کے پروگرام پاکستان ٹونائٹ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کے اپنے لوگ کہہ رہے ہیں کہ جب مشکل آتی ہے تو لیڈر بھاگ جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے پارٹی کو لولی پاپ دیا ہے، آج جو کچھ پاکستان مسلم لیگ ن میں ہوا وہ سب پہلے ہی بتا رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ وہ لندن گئے ہیں پہلے جدہ گئے تھے، جتنا مرضی بھاگ لیں ہم انہیں پکڑ لیں گے اور عوام کے سامنے حاضر کریں گے۔

بجٹ سیشن سے پہلے شہباز شریف واپس آئیں گے،خرم دستگیر

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما خرم دستگیر خان نے کہا کہ ہم عدالتوں سے ریلیف لے رہے ہیں۔ عمران خان سے این آر او کس نے مانگا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے عدالت نے ہماری استدعا سنی لیکن آج نہیں سنی تو ہم تمام قانونی راستے اختیار کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ سیشن سے پہلے شہباز شریف واپس آئیں گے اور ہم قوم اسمبلی میں قوم کی آواز بن کر کھڑے ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حکومت کا کام یہی ہے کہ دوسروں کی پگڑیاں اچھال دی جائیں جبکہ عوام یہ چاہتے ہیں کہ مہنگائی کم ہو۔

خرم دستگیر نے کہا کہ میرا چیلنج ہے کہ حکومت قومی اسمبلی میں بتا دے کہ ن لیگ سے کس نے این آو او مانگا ہے؟

این آر او اب سپریم کورٹ ختم کرچکا ہے،عارف چوہدری

ماہر قانون عارف چوہدری نے کہا کہ عدالت میں کچھ درخواستیں محض پروپیگنڈے کی بنیاد پر دائر کی جاتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کو نئے مواد کے ساتھ عدالت سے رجوع کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ این آر او ون ٹائم آیا تھا جو اب سپریم کورٹ ختم کرچکا ہے اور وزیراعظم کے پاس اس کا اختیار نہیں۔

گورنر اسٹیٹ بینک اور چئیرمین ایف بی آر کو تبدیل کرنے کا فیصلہ

سنیئر صحافی محمد ما لک نے کہا کہ حکومت کی جانب سے گورنر اسٹیٹ بینک اور چئیرمین ایف بی آر کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تبدیلیاں بجٹ آنے سے پہلے کی جارہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ  گورنر اسٹیٹ بینک اور چئیرمین ایف بی آر کی تبدیلی کی خبر غیر متوقع نہیں، انہوں نے کہا کہ تبدیلیاں تو اور ہوسکتی ہیں، دلچسپ بات یہ ہے کہ ان عہدے پر کون آتا ہے۔


متعلقہ خبریں