جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر اجمل خان انتقال کرگئے



کراچی: باٹنی کے ممتاز پروفیسر اور جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر اجمل خان داعی اجل کو لبیک کہہ گئے۔ عارضہ قلب میں مبتلا پروفیسر ڈاکٹر اجمل کو گزشتہ شب طبیعت خراب ہونے پرنجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں علی الصبح تقریباً ساڑھے تین بجے دار فانی کو انہوں نے الوداع کہا۔

ہم نیوز کے مطابق مرحوم کی نماز جنازہ مرکزی جامع مسجد ابراہیم میں بعد نماز عصر ادا کی جائے گی جس کے بعد ان کی تدفین جامعہ کراچی کے قبرستان میں کی جائے گی۔

ڈاکٹر اجمل خان کو چار جنوری 2017 کو جامعہ کراچی کا وائس چانسلر مقرر کیا گیا تھا۔ وہ 17 ویں وائس چانسلر تھے۔

مرحوم ڈاکٹر اجمل خان زمانہ طالبعلمی میں جامعہ کراچی کے طالبعلم تھے۔ 1973 میں انہوں نے نباتیات میں بی ایس آنرز کرنے کے بعد پلانٹ فزیالوجی میں ایم ایس سی کیا۔ 1985 میں امریکہ کی اوہایو یونیورسٹی سے فزیالوجیکل ایکولاجی میں پی ایچ ڈی کی۔

وہ گزشتہ 40 سال سے درس و تدریس سے وابستہ تھے۔ جامعہ کراچی میں وائس چانسلر کی حیثیت سے فرائض سر انجام دینے والے مرحوم پروفیسر سے لاکھوں طلبا و طالبات نے کسب فیض کیا۔

پروفیسر ڈاکٹراجمل خان کو ان کی تعلیمی خدمات کے اعتراف میں صدارتی تمغہ حسن کارکردگی، ستارہ امتیاز، نمایاں قومی پروفیسر اور2008 میں نمایاں سائنسدان کےاعزازات سے بھی نوازا گیا۔

جامعہ کراچی کے مرحوم وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اجمل خان متعدد ممالک کے کئی  طبی اداروں کے اعزازی سربراہ تھے۔ بحیثیت وزیٹنگ پروفیسر بھی انہوں نے خدمات سرانجام دیں۔


متعلقہ خبریں