بلاول کا ملک بھر میں کم عمری کی شادیوں پر پابندی کا مطالبہ



پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملک بھر میں کم عمری کی شادیوں پر پابندی کا مطالبہ کیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے لکھا کہ متحدہ عرب امارات میں شادی کی عمر 18 سال ہے۔ انڈونیشیا اور ترکی جیسے ممالک میں شادی کی عمر بھی 18 برس مقرر کی گئی ہے ۔

بلاول بھٹو زرداری نے سوال اٹھایا ہے کہ جن ممالک میں شادی کی کم ازکم عمر 18 سال مقرر کی گئی ہے کیا وہ مسلمان نہیں ؟

انہوں نے کہا کہ سندھ میں بھی شادی کے لیے 18 سال کی عمر مقرر ہے۔ سندھ اسمبلی کی طرف سے منظور کیے گئے بل کی وجہ سے ہم نے دیکھا کہ کس طرح  قانون نے بڑی عمر کے مرد کی 10 سالہ بچی سے شادی کو روکا ۔

بلاول بھٹو نے ٹوئٹ میں کہا کہ پاکستان میں کم عمری میں حاملہ ہونے کی وجہ سے ہر 20 منٹ میں ایک لڑکی مر رہی ہے۔

یاد رہے صوبہ سندھ کے ضلع شکارپور میں پولیس نے گزشتہ روز  40 سالہ شخص کی 10 سالہ بچی کے ساتھ زبردستی شادی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

یہ واقعہ شکار پور کی تحصیل خانپور کے نواحی گاؤں مھرو ماڑی میں پیش آیا، پولیس نے رخصتی سے قبل کارروائی کرتے ہوئے دلہا کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کی جانب سے گرفتار کیے گئے 40 سالہ شخص کی شناخت محمد سومر جبکہ 10 سالہ بچی کی شناخت ملوکاں شیخ کے نام سے ہوئی ہے، ملزم پر 10 سالہ بچی سے زبردستی شادی کرنے کا الزام ہے۔

دوسری طرف پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خان کی تحصیل تونسہ شریف میں قرض کی عدم ادائیگی پر سگے ماموں کی طرف سے کمسن بھانجی کا 45 سالہ شخص سے زبردستی نکاح کرانے کا انکشاف ہوا ہے ۔ تونسہ پولیس نے نکاح خواں سمیت ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے ۔

ہم نیوز کے مطابق تونسہ شریف کے محلہ خواجہ ٹاؤن کی رہائشی پانچویں جماعت کی بارہ سالہ طالبہ کا پنتالیس سالہ شخص  سے نکاح پڑھوایا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی کے حقیقی ماموں نے قرض کی عدم اداٸیگی پر اپنی بھانجی کی زبردستی شادی کرائی ہے۔


متعلقہ خبریں