رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا



کراچی: پاکستان میں آج رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا۔ یکم رمضان المبارک 7 مئی کو ہوگا۔

رمضان المبارک 1440 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے وفاق اور تمام صوبوں میں رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس منعقد ہوئے۔ مرکزی کمیٹی کا اجلاس کراچی میں ہوا جس کی صدارت چیئرمین ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے کی۔

کمیٹی کے چیئرمین نے اعلان کیا کہ ملک کے کسی حصے سے رویت کی شہادت وصول نہیں ہوئی لہذا پاکستان میں پہلا روزہ 7 مئی 2019 بروز منگل کو ہوگا۔

اجلاس میں صاحبزادہ حافظ الرحیم اشرفی، علامہ مقصود احمد قادری، مولانا محمد امجد خان، مولانا مفتی انتخاب احمد نوری، ڈاکٹر عبدالغفور راشد، مولانا ڈاکٹر محمد حسین اکبر، مولانا غلام مصطفی ثاقب، غلام مصطفی رضوی، مفتی محمد رمضان سیالوی، مولانا عبدالخبیر آزاد سمیت محکمہ موسمیات کے ریجنل ڈائریکٹرز نے بھی شرکت کی۔

محکمہ موسمیات نے پہلے ہی پیش گوئی کردی تھی کہ آج چاند نظر آنے کا کوئی امکان نہیں ہے اور پاکستان میں منگل کو پہلا روزہ متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 29 شعبان کی شام چاند کی پیدائش ہو چکی ہے لیکن چاند نظر آنے کے لیے عُمر پوری نہیں ہوئی اس لیے آج رمضان کا چاند نظر نہیں آیا۔

سعودی عرب اور خلیجی ممالک میں پہلا روز پیر کو ہو گا۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی سپریم کورٹ  کی جانب سے عوام سے دو دن تک رمضان کا چاند دیکھنے کی اپیل کی گئی تھی تاہم سعودی عرب میں ہفتے کی شام رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا۔


متعلقہ خبریں