شہباز سینیئر نے استعفے کی تردید کر دی


لاہور: پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری شہباز سینیئر نے اپنے استعفے کی خبروں کی تردید کر دی۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے دو بڑوں کے اختلافات کھل کر سامنے آ گئے۔ صدر ہاکی فیڈریشن خالد سجاد کھوکھر نے گزشتہ روز شہباز سینیئر کے استعفیٰ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آصف باجوہ کو نیا سیکرٹری نامزد کر دیا گیا ہے۔

شہباز سینیئر نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں استعفیٰ کی خبر کی ترید کرتے ہوئے کہا کہ میں نے کوئی استعفیٰ نہیں دیا ہے۔ میڈیا پر استعفیٰ کی خبریں سن کر مجھے بھی حیرت ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرے لیے سیکرٹری جنرل پاکستان ہاکی فیڈریشن کوئی بڑا تعارف نہیں ہے، میں نے اس ملک کے لیے جو کیا ہے وہی میرا تعارف ہے۔

یہ بھی پڑھیں پاکستان ہاکی فیڈریشن میں مبینہ بے ضابطگیوں کا ریکارڈ طلب

شہباز سینیئر نے کہا کہ اگر لوگ چاہتے ہیں کہ میں ہاکی فیڈریشن میں کام نہیں کروں تو میں بغیر کسی لڑائی کے کام نہیں کروں گا لیکن اس طرح میڈیا پر بیانات دینا درست نہیں ہے یہ ایک غیر اخلاقی عمل ہے۔

واضح رہے کہ دو ہفتہ قبل سینیٹ کی ذیلی کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ نے پاکستان ہاکی فیڈریشن میں مبینہ بے ضابطگیوں کا ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔ اجلاس میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے انتظامی امور اور قومی ہاکی ٹیم کی کارکردگی سمیت دیگر اہم امور کا جائزہ لیا گیا تھا۔

یاد رہے پاکستان نے 1994 میں آخری بار عالمی ہاکی کپ جیتا تھاجس کے بعد قومی ٹیم کی کارکردگی بری ہی ہوتی چلی گئی۔ گزشتہ سال اولمپک گیمز میں ہاکی ٹیم نے بارہ ٹیموں میں سے آٹھویں نمبر پر رہی۔

2018 میں بھی قومی ہاکی ٹیم کارکردگی دکھانے میں بری طرح ناکام رہی اور پورے سال میں کوئی ایک بھی بڑا ٹورنامنٹ اپنے نام نہیں کرسکی۔


متعلقہ خبریں