مہنگی اشیا فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں گے، اسلم اقبال


لاہور: پنجاب کے وزیر صنعت و تجارت اسلم اقبال نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں مہنگی اشیا فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

وزیر صنعت و تجارت اسلم اقبال نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ غریب لوگوں کے لیے سال بھر کا راشن پیکج لا رہے ہیں جس میں کارڈ سسٹم کے ذریعے راشن دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 309 رمضان بازار لگا رہے ہیں جس کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ رمضان المبارک میں متوسط طبقے کو سبسڈی دینی ہوتی ہے اس لیے رمضان بازار لگائے جاتے ہیں۔

وزیر صنعت نے کہا کہ رمضان بازار کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ 21 ویں روزے تک رمضان بازار لگائے جائیں گے جبکہ 20 ویں روزے سے عید بازار کا بھی آغاز کر دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ منڈیوں میں ڈپٹی کمشنرز اور وزرا جا کر دورہ کریں گے اور قیمتیں چیک کی جائیں گی۔ مہنگی اشیا فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

اسلم اقبال نے کہا کہ آلو، پیاز، ٹماٹر، کیلے، کھجوراور سفید چنے کو سال 2018 کی قیمت پر رکھا گیا ہے تاہم پیاز کے اوپر 23 روپے کی سبسٹڈی دی گئی ہے۔ آٹے کا تھیلا 290 روپے کا دیا جائے گا۔ اس سے پہلے جو سبسٹڈی تھی وہ عوام کے لیے نہیں ملز کے لیے ہوتی تھی۔

یہ بھی پڑھیں وزیر اعظم کا مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم

انہوں نے کہا کہ سامان کو پیک کرنا، بازاروں تک لانا اور قیمتیں چیک کرنے کے لیے 1057 مجسٹریٹ مقرر کیے گئے ہیں جبکہ پنجاب بھر میں کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز وزیر اعلیٰ پنجاب سے میٹنگ کریں گے جو رمضان بازاروں میں قیمتوں اور سامان کی دستیابی سے متعلق ہوں گی اور روزانہ کی مانیٹرنگ رپورٹ ہمیں بھجوائی جائے گی۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ قیمتوں کے کنٹرول کے لیے ٹول فری نمبرز بھی جاری کر رہے جس پر آنے والی شکایت کا 2 گھنٹے میں ازالہ کیا جائے گا۔ اسی طرح قیمتوں کے لیے ایپ بنائی گئی ہے جس پر تمام اشیا کی قیمتیں آ گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن اور بدتمیزی کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا جبکہ ایک بازار کے دورے کے موقع پر ایف آئی آر درج کرانے کا حکم دیا ہے۔


متعلقہ خبریں