کراچی میں نقل مافیا سرگرم، آج بھی پرچہ آؤٹ


کراچی: کراچی میں آج بھی معمول کے مطابق انٹرمیڈیٹ کا انگریزی کا پرچہ آؤٹ ہو گیا۔

کراچی انٹرمیڈیٹ بورڈ اور حکومت دونوں ہی نقل مافیا کو قابو کرنے میں ناکام ہو گئے اور امتحانات کے دوران مستقل پرچہ آؤٹ ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ جس نے امتحانات کی شفافیت کو مشکوک کر دیا۔

ہم نیوز کے مطابق کراچی انٹر میڈیٹ بورڈ کے تحت آج ہونے والا پرچہ بھی گزشتہ پرچوں کی طرح آؤٹ ہو گیا اور پرچہ امتحانی مراکز تک پہنچنے سے قبل ہی نقل مافیا تک پہنچ گیا۔

انٹرمیڈیٹ کا آج انگریزی کا پرچہ شروع ہونے سے 40 منٹ پہلے ہی سوشل میڈیا پر موجود تھا جبکہ حل شدہ پرچہ بھی سوشل میڈیا پر گردش کر رہا تھا۔

یہ بھی پڑھیں کراچی: نقل مافیا کا راج، آج بھی پرچہ آؤٹ

امتحانی مراکز کے گرد دفعہ 144 کی بھی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں اور مراکز کے باہر حل شدہ پرچہ فراہم کیا گیا جبکہ فوٹو اسٹیٹ کی دکانیں بھی کھلی رہیں۔

اس سے قبل بھی انٹرمیڈیٹ کے پرچے آؤٹ ہونے کی خبر میڈیا کی زینت بنتی رہی ہے تاہم بورڈ حکام اور حکومت کی جانب سے نقل کی روک تھام کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے جا رہے۔

سکھر بورڈ کے زیرانتظام گھوٹکی میں 22 اپریل کو ہونے والا کمیسٹری کا پرچہ فوٹو اسٹیٹ کی دکانوں پر500 میں فروخت کیا جاتا رہا اور سوشل میڈیا پر بنائے گئے گروپس میں بھی دستیاب تھا۔

رواں برس نقل مافیا نے سارے ریکارڈ توڑ دیے ہیں اور سوشل میڈیا نقل کرنے والوں کے لیے ایک آسان راستہ ثابت ہو رہا ہے جبکہ اس مافیا کے خلاف کسی قسم کے سخت انتظامات بھی نہیں کیے جارہے۔


متعلقہ خبریں