پنجاب: سنگین جرائم میں ملوث اشتہاری ملزمان کی تعداد 70ہزار سےزائد

پنجاب: سنگین جرائم میں ملوث اشتہاری ملزمان کی تعداد ستر ہزار سےزائد

پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں  سنگین جرائم میں ملوث اشتہاری ملزمان کی تعداد ستر ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔

آئی جی پنجاب نے صوبہ بھر میں اشتہاری ملزموں کی گرفتاری کے لئے خصوصی مہم چلانے کا فیصلہ کرتے ہوئے پنجاب کے ٹاپ ٹوئنٹی اشتہاری ملزموں کی لسٹیں فوری تیار کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق جرائم کی شرح میں مسلسل اضافہ ہورہاہے جسکی وجہ سے  اشتہاری ملزمان کو گرفتار کرنا پولیس کی مجبوری بن گئی ہے۔

آئی جی پنجاب  نے  صوبہ بھر میں اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے لئے خصوصی مہم چلانے کا فیصلہ کیاہے ۔ آئی جی پنجاب عارف نواز نے پولیس حکام کو ہدایت کی ہے کہ  پنجاب کے ٹاپ 20 اشتہاری ملزمان کی فوری لسٹیں تیار کی جائیں ۔

جن ملزمان کی فہرستیں تیار کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں وہ  دہشت گردی ،قتل ،اقدام قتل اور اغواء جیسے سنگین مقدمات میں ملوث ہیں ۔

پولیس ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا ہے کہ پنجاب پولیس کو مطلوب سنگین جرائم میں ملوث اشتہاری ملزمان کی تعداد 70 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے ۔ گوجرانوالہ میں اشتہاری ملزمان کی تعداد 3000 اور فیصل آباد 2000 سے زائد ہے۔

اسی طرح  شیخوپورہ پولیس کو مطلوب اشتہاری ملزموں کی تعداد 1200 جبکہ لاہورپولیس کو مطلوب اشتہاری ملزمان کی تعداد  8 ہزار سے زائد ہے ۔

یہ بھی پڑھیے:لاہور میں جرائم کی شرح گزشتہ برس سے بڑھ گئی

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ناقص تفتیش کے باعث ہزاروں اشتہاری ملزمان بیرون ملک فرار فرار ہونےمیں کامیاب ہوچکے ہیں ۔

پنجاب پولیس نےاشتہاریوں کی گرفتاری کے لیے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ سے مدد لینے کا  فیصلہ کیا ہے۔ پنجاب پولیس   اشتہاریوں کی گرفتاری کے لئے انکا ڈیٹا سی ٹی ڈی سے شئیر کریگی۔

ہم نیوز کو موصول ہونے والے  اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ  سال یکم جنوری سے 15 جولائی تک قتل کے واقعات 2017 کے مقابلے میں 21 فیصد زائد رپورٹ ہوئے۔

لاہور میں شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنانے کے واقعات میں آٹھ اعشاریہ 72 اور مالی نقصان پہنچانے کے جرائم میں تین اعشاریہ 43 فیصد اضافہ ہوا۔

پولیس ریکارڈ کے مطابق خوف و ہراس پھیلانے کے واقعات میں75، آرمز آرڈیننس کی خلاف ورزی میں ایک، گاڑیاں اور موٹر سائیکل چھیننے کے واقعات اعشاریہ اڑتیس اور چوری کے واقعات میں چار فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔


متعلقہ خبریں