تحریک انصاف کا مریم نواز کو پارٹی عہدہ دیے جانے پر عدالت سے رجوع کا فیصلہ

مریم نواز کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ

فائل فوٹو۔–


وفاق میں حکمران جماعت پاکستان  تحریک انصاف نے  مریم نواز کو پارٹی عہدہ دیے جانے پر عدالت سے رجوع کا فیصلہ کیاہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف نے مریم نواز کو پارٹی کا نائب صدر بنانے کو بزریعہ رٹ پٹیشن عدالت میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیاہے۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کو مسلم لیگ ن کا نائب صدر بنانے پر تحریک انصاف  کی قیادت کا اعتراض سامنے آنے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیاہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے سینئیر رہنماوزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سوال اٹھا دیاہے کہ  عدالت سے سزا یافتہ مریم نواز کومسلم لیگ ن کا نائب صدر  کیسے بنایا جاسکتا ہے؟

شاہ محمود قریشی  نے  مریم نواز کو پارٹی عہدہ دیے جانے  کے معاملے کو ہر سطح  پر اٹھانے کا فیصلہ کیاہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ عدالت سے سزا یافتہ ملزم کو پارٹی عہدہ نہیں دیا جاسکتا۔ مریم نواز بھی سزا یافتہ ہیں انہیں کسی صورت  پارٹی عہدہ نہیں دیا جاسکتا۔

انہوں نے کہا ہے کہ مریم نواز کو ایون فیلڈ ریفرنس کیس میں سزا معطلی کا عارضی ریلیف ملا ہےابھی تک مریم نواز کی سزا ختم نہیں ہوئی۔

شاہ محمود قریشی نے مریم نواز کے پارٹی عہدہ کے معاملے پر پارٹی رہنماوں اور وکلا سے مشاورت شروع کردی ہے ۔

شاہ محمود قریشی نے  مریم نواز کو پارٹی عہدہ ملنے کے خلاف الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے پر بھی غور شروع کردیاہے۔

یہ بھی پڑھیے:مسلم لیگ ن میں بڑی تبدیلیاں،مریم نواز نائب صدر مقرر

مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ مخالفین کے چہروں پرمریم نواز کا خوف ہے۔انکی راتوں کی نیند اور دن کا چین غائب ہے۔مریم نواز کو عوام نے عزت دی ہے۔
مریم نواز کے نائب صدر بننے سے سیلیکٹڈوزیراعظم اورکرائے کی ٹیم کی نوکری ختم ہوگئی  ہے ۔

یاد رہے 3مئی کو پاکستان مسلم لیگ ن کے تنظیمی ڈھانچے میں بڑی تبدیلیاں کی گئی ہیں جس کے تحت مریم نواز کو نائب صدر مقرر کیا گیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق اویس لغاری کو پنجاب میں پارٹی کا جنرل سیکرٹری مقرر کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے جبکہ عابد شیرعلی، ایاز صادق اور برجیس طاہر،درشن لال، حمزہ شہباز اور خواجہ سعد رفیق کو نائب صدور مقرر کیا گیا۔

اسی طرح خرم دستگیر، جاوید لطیف، محمد زبیر، مشاہد اللہ خان، پرویز رشید، نیلسن عظیم، راحیلہ درانی، رانا تنویر اور سردار مہتاب بھی نائب صدر مقررہوئے۔

پارٹی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق احسن اقبال کو پارٹی کا سیکرٹری  جنرل مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ شاہد خاقان عباسی کو سینیئر نائب صدر بنانے کا فیصلہ ہوا ہے۔

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ اسی طرح رانا ثناء اللہ کو پنجاب میں ن لیگ کا صدر بنانے اور مریم اورنگزیب کو پارٹی کی سیکرٹری اطلاعات اور ترجمان مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں