سندھ ہائیکورٹ  نے گرمیوں کی چھٹیوں کی  فیس ایک ساتھ وصول کرنے سے روک دیا

 سندھ: پولیس میں اصلاحات کی  قانون سازی کیلئے حکومت کو 21مئی تک مہلت 

سندھ ہائی کورٹ  نے نجی  اسکولوں کو موسم گرما کی تعطیلات کی  فیس ایک ساتھ وصول کرنےسے روک دیاہے۔ عدالت نے  دو ماہ کا چالان  جاری کرنے والے اسکولوں  کو ایک ماہ  کا چالان واپس لینے کا حکم بھی دیاہے ۔

سندھ ہائیکورٹ  نجی اسکولوں کی من مانی پر برہم ہوگئی۔ عدالت نے برہمی کا اظہار نجی اسکولوں کی جانب سے زائد فیس وصول کرنےسے متعلق درخواست کی سماعت کے دوران کیا۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ہمارا حکم واضح ہے،نجی اسکول اس پرمن وعن  عمل درآمد کریں۔ عدالت نے کہا جن اسکولوں نے دو ماہ کا چالان جاری کیا ہے ،،وہ ایک ماہ کا چالان واپس لیں۔

والدین کے وکیل نےعدالت میں دلائل پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج بقایاجات جمع کرانے کی آخری تاریخ ہے۔ مزید مہلت دی جائے، جس پر عدالت نے  مزید تین دن کا وقت دے دیا۔

یہ بھی پڑھیے:عدالت نے نجی اسکولز کو موسم گرما کی فیس وصولی سے روک دیا
عدالت نے ریمارکس دیئے اگر والدین نے فیس جمع نہ کرائی تو ان کے خلاف بھی کارروائی کا حکم دیں گے ۔کیس کی  مزید سماعت  بیس مئی تک ملتوی کردی گئی۔

یاد رہے رواں سال  15اپریل کو سندھ ہائی کورٹ نے نجی اسکولوں کو موسم گرما کی فیس وصول کرنے سے روک دیاتھا۔

سندھ ہائی کورٹ میں اسکولوں کی اضافہ فیسوں سے متعلق کیس کی سماعت  میں عدالت نے نجی اسکولز کو موسم گرما کی ایڈوانس فیس نہ لینے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اگر کسی اسکول نے یہ فیس وصول کی ہے تو دستاویزات جمع کرائی جائیں، ہم اسکول کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کریں گے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ اگر گذشتہ سال سپریم کورٹ نے ایک ماہ کی فیس ریفنڈ کرائی تھی تو اس سال کیوں لی جارہی ہے ؟ عدالت نے دو ماہ کی فیس وصول کرنے والے اسکولوں کو ایک ماہ کی فیس واپس کرنے کا حکم بھی دیا۔

ہائی کورٹ نے والدین کو اسکول کی دیگر فیسیں جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ اسکول جو چالان جاری کر رہے ہیں والدین وہ فیس جمع کرا دیں تاہم اس کے بعد اگر کوئی فرق پایا گیا تو عدالت والدین کو زائد فیس  واپس کرا دیں گی۔


متعلقہ خبریں