رمضان میں کیا کھائیں؟


پاکستان سمیت دنیا بھر میں رمضان کا مہینہ خاص اہتمام کے ساتھ منایا جاتا ہے، اس ماہ مبارک میں انسان کو نا صرف جسمانی بلکہ روحانی فوائد بھی حاصل ہوتے ہیں۔ صرف دو وقت کھانے پینے سے انسانی جسم میں مثبت تبدیلیاں آتی ہیں اور صحت پر اچھے اثرات مرتب ہوتے ہی لیکن یہ اس وقت ممکن ہے جب افطار اور سحر میں متوازن غذا تناول کی جائے۔

رمضان میں کھانے پینے کی اشیا کا چناؤ مشکل ہو جاتا ہے اور لوگ زیادہ تر تیل میں فرائی کی ہوئی غذاؤں کا انتخاب کرتے ہیں جو کسی طور بھی درست نہیں۔ رمضان میں درج ذیل اشیاء کو اپنی غذا کا حصہ بنایئں۔

سحری میں متوازن غذائیں

دودھ  میوے اور جو کا دلیہ:

سحری میں جو کے دلیے میں دودھ اور میوہ ملا کر کھانا بہت فائدہ مند ہے۔

دہی کا استعمال:

سحری میں دہی کا استعمال بھی معدے کو فائدہ پہنچاتا ہے اور گرمی کے روزوں میں اس کا استعمال صحت کے لیے ضروری ہے۔

چکی کے آٹے کی روٹی اور گوشت:

سحری میں گھی میں ڈوبے ہوئے پراٹھے  کھانے سے بہتر ہے کہ چکی کے آٹے کی روٹی کھائی جائے اس سے جلد بھوک کا احساس بھی نہیں ہوتا اور وزن بڑھنے کا ڈر بھی نہیں رہتا۔

اس کے ساتھ ساتھ بھنی ہوئی مرغی، گائے یا بکرے کے گوشت کا استعمال بھی کیا جا سکتا ہے۔

افطاری میں صحت افزا غذائیں

 کھجور اور پانی کا استعمال:

روزہ کھولتے وقت پانی یا کھجور استعمال کریں لیکن زیادہ بہتر یہ ہے کہ روزہ کھجور سے افطار کیا جائے۔

دودھ اور تازہ جوس:

افطار کے وقت دودھ یا دودھ کا شربت اور پھلوں کے تازہ جوس پینا جسم کو تقویت دیتے ہیں۔

چنے، آلو اور چنوں کی چاٹ:

افطاری میں ہلکے مصالحے دار چنے یا آلو اور چنوں کی چاٹ اور دہی بڑوں کا استعمال بھی فائدہ مند ہیں جبکہ رات کے کھانے میں بھی کم مصالحے والے سالن یا چاول کا  اہتمام  کیا جانا چاہیئے۔

تلی ہوئی چیزوں سے اجنتاب کریں

افطار میں اگر سموسے اور پکوڑے نہ ہوں تو اسے ادھورا تصور کیا جاتا ہے اور یہی کولیسٹرول میں اضافے اور صحت کی خرابی کا باعث بنتی ہیں، اسی لیے رمضان میں ان سے اجتناب کرنا چایئے کیونکہ تمام دن کے بعد معدے کو متوازن اور صحت مند غذا کی ضرورت ہوتی ہے۔


متعلقہ خبریں