نائجر: ٹینکر سے گرا تیل اکٹھا کرنے والے 58 افراد کوئلہ بن گئے

افریقہ میں آئل ٹینکر دھماکہ سے تباہ، 58 افراد ہلاک

فوٹو: فائل


نائجر: افریقی ملک نائجر میں پٹرول سے بھرے ٹینکر میں دھماکے سے 58 افراد ہلاک اور 35 سے زائد زخمی ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق نائجر کے علاقہ نائیمے میں پٹرول سے بھرا ٹینکر تیز رفتاری کے باعث الٹ گیا جس میں بھرا ہزاروں لیٹر تیل سڑک پر بہنا شروع ہو گیا۔ جسے قریبی علاقے کے لوگوں نے جمع کرنا شروع کر دیا تھا۔ اسی اثنا میں ٹینکر زور دار دھماکہ سے پھٹ گیا اور آگ لگ گئی۔

دھماکہ کے بعد اچانک پٹرول کو لگنے  والے آگ نے وہاں موجود لوگوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ جس کی وجہ سے 58 افراد ہلاک اور 35 سے زائد بری طرح جھلس کر زخمی ہو گئے جبکہ ہلاکتوں میں اضافہ کا خدشہ ہے۔ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

اسپتال ذرائع کے مطابق آگ لگنے کی وجہ سے لاشیں بری طرح سے جھلس گئی ہیں جس کی وجہ سے بہت ساری لاشوں کی شناخت مشکل ہو گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں دہلی کے ہوٹل میں آگ لگنے سے ہلاکتوں کی تعداد 17ہوگئی

ملکی صدر مہامدودو نے اسپتال پہنچ کر زخمیوں کی عیادت کی اور انہیں ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیا جب کہ ہلاک ہونے والے افراد کے اہلخانہ سے افسوس کا اظہار کیا۔

نائجر کے وزیر داخلہ مزوم نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹرک الٹنے کے بعد کئی افراد پٹرول جمع کرنے کے لیے پہنچ گئے تھے تاہم اچانک ہی آگ لگنے سے بڑی تعداد میں ہلاکتیں ہوئیں، آگ لگنے کی وجہ معلوم کی جا رہی ہے۔

اس سے قبل جولائی 2017 کو نائجیریا کے ایک کنویں میں آگ لگ گئی تھی جس کی وجہ سے 30 افراد ہلاک اور کئی زخمی ہو گئے تھے۔


متعلقہ خبریں