انسانی اسمگلنگ: چینی باشندوں سمیت 10ملزمان گرفتار

انسانی اسمگلنگ میں ملوث چینی باشندوں سمیت10ملزمان گرفتار

فوٹو: ہم نیوز


اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث ملزمان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے چینی باشندوں سمیت 10 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

لاہور کے بعد جڑواں شہروں میں بھی ایف آئی اے نے انسانی اسمگلنگ میں ملوث ملزمان کے خلاف کارروائی کی۔ وفاقی دارالحکومت سے 7 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جنہیں ایف آئی اے سیل میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب سے ایف آئی اے نے راولپنڈی میں کارروائی کرتے ہوئے تین چینی باشندوں کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان میں گینگ لیڈر سان چاویواآنگ سمیت ان کے سہولت کار ساجد اور رفیق کو گرفتار کیا گیا۔

گرفتار ملزمان پاکستانی لڑکیوں سے شادی کر کے انہیں انسانی اسمگلنگ، جسم فروشی اور گردوں کے ٹرانسپلانٹ کے لیے استعمال کرتے تھے۔

یہ بھی پڑھیں ایف آئی اے کی لاہور سمیت دیگر شہروں میں کارروائی ،8  چینی  باشندے گرفتار

واضح رہے کہ چینی باشندے اسلام قبول کرنے کے بعد جعلی سرٹیفکیٹ دکھا کر پاکستانی لڑکیوں سے شادی کرتے تھے جس کی متعدد خبریں میڈیا پر بھی رپورٹ کی گئی تھیں۔

گزشتہ روز بھی ایف آئی اے نے لاہور سمیت دیگر شہروں میں کارروائیاں کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ میں ملوث 8 چینی باشندوں کو گرفتار کیا تھا۔

ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ چائینز باشندوں پر الزام ہے کہ وہ ایجنٹوں کے ساتھ مل کر پاکستانی لڑکیوں سے شادی کرتے اور شادی کے بعد ان لڑکیوں سے جسم فروشی کا مکرو دھندہ بھی  کرواتے تھے۔

چینی باشندے پاکستان میں موجود چینی گروہ کو 10 لاکھ روپے دے کر پاکستانی لڑکیوں سے جعلی شادی کرتے تھے اور چینی باشندے لڑکی کو چین لے جا کر ان کے جسمانی اعضاء فروخت کرتے۔ کچھ پاکستانی لڑکیوں کو چین میں زبردستی جسم فروشی پر بھی لگا دیا جاتا ہے۔


متعلقہ خبریں