لاڑکانہ: تین سالہ بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق


کراچی: لاڑکانہ کی تین سال کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق کے بعد سندھ میں رواں سال پولیو کا دوسرا کیس سامنے آگیا۔

ہم نیوز کے مطابق فضا ولد نظام الدین میں پولیو کی تصدیق ہوئی ہے۔ اس سے قبل کراچی میں پہلا کیس سامنے آیا تھا۔

ضلع ہیلتھ افسر لاڑکانہ عبدالرحمان بلوچ کے مطابق فضا کے ٹیسٹس 25 اپریل کو اسلام آباد بھیجے گیے تھے، رپورٹ مثبت آئی ہے۔

مزید پڑھیں: لاہور میں پولیو وائرس کا تیسرا کیس

ان کے مطابق تین سالہ فضا کو 10 بار پولیو سے بچاؤ کے قطرے اور بچوں کے حفاظتی ٹیکے بھی لگائے جا چکے ہیں۔

رواں ماہ کے آغاز میں لاہور کے علاقے  داتا گنج بخش ٹاون میں 13 ماہ کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

خیال رہے کہ کچھ روز قبل ملک کے 12 بڑے شہروں میں خطرناک پولیو وائرس پی 1 کی موجودگی کا انکشاف ہوا تھا۔

اس انکشاف کے بعد نیشنل پولیو کنٹرول پروگرام نے راولپنڈی کی 16، اسلام آباد کی 5 یونین کونسلز اور پشاور کی پولیو مہم میں حکمت عملی تبدیل کی تھی۔ تینوں اضلاع میں 10 سال تک کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

پنجاب میں حال ہی میں ہونے والی پولیو مہم کا دوسرا مرحلہ سیکیورٹی کے سبب ملتوی کردیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق مہم کے دوران 12 ٹیموں پر حملے ہوئے جس کی وجہ سے  مہم ملتوی کی گئی ۔ دوسرے مرحلے میں پنجاب میں 7 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جانے تھے۔


متعلقہ خبریں