شہباز شریف کی وطن واپسی ڈاکٹرز کی اجازت سے مشروط


لندن: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے وطن واپسی ڈاکٹرز کی اجازت سے مشروط کردی۔

لندن میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ میڈیکل چیک اپس مکمل ہوتے ہی وطن واپسی کے خواہشمند ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ پوتا اور پوتی کی پیدائش پر نہایت خوش اور خدا کا شکر گزار ہوں۔

مزید پڑھیں: شہباز شریف واپس نہیں آئیں گے،عندلیب عباس

انہوں نے بتایا کہ کچھ ٹیسٹ مکمل ہو چکے ہیں جبکہ کچھ ابھی باقی ہیں جن کے لیے ڈاکٹر سے وقت لیا ہے۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف نے کہا کہ اپنے ٹیسٹ مکمل ہونے کے بعد اگر ڈاکٹروں نے اجازت دی تو ضرور وطن واپس جاؤں گا۔

خیال رہے کہ چار اپریل کو وزارت داخلہ نے شہباز شریف کا نام ای سی ایل سے نکال دیا تھا جس کے کچھ روز بعد وہ لندن روانہ ہوگئے تھے۔

لاہور ہائی کورٹ نے 26 مارچ کو شہباز شریف کا ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا تھا۔

لاہور ہائی کورٹ میں شہبازشریف کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ جسٹس ملک شہزاد احمد خان کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے شہباز شریف کی درخواست پر سماعت کی تھی۔

وکیل شہبازشریف نے موقف اپنایا تھاکہ نیب نے جب شہباز شریف کو بلایا شہباز شریف پیش ہوئے پھر بھی نام ای سی ایل میں ڈالا گیا۔

عدالت نے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا شہباز شریف کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کی انکوائری بھی کی جا رہی ہے۔


متعلقہ خبریں