مسلم لیگ ن اسٹیبلشمنٹ سے ڈیل کرنا چاہتی تھی،ندیم افضل چن


اسلام آباد: وزیراعظم کے ترجمان ندیم افضل چن نے انکشاف کیا ہے کہ مسلم لیگ ن اسٹیبلشمنٹ سے ڈیل کرنا چاہتی تھی، ن لیگ گیٹ نمبر چار پر بھی بیٹھی رہی لیکن بات نہیں بنی کیونکہ اب پاکستان بدل چکا ہے۔

پروگرام بڑی بات میں میزبان عادل شاہ زیب سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو قافلے کی شکل میں جیل لے کر جانا ایک فلاپ شو کی نشانی ہے۔ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ انتقامی سیاست کی تاہم آج کی سیاست مزاحمتی سیاست نہیں ہے۔

وزیراعظم کے ترجمان نے کہا کہ عدلیہ کسی کے ماتحت ہے نہ نیب کسی کے زیر اثر ہے۔

ندیم افضل چن نے کہا کہ انہیں مریم نواز کی سیاست کرنے پر کوئی اعتراض نہیں تاہم وہ عدالت سے مجرم ثابت ہوچکی ہیں اس لیے ان کو پارٹی میں کسی کو عہدہ لینے سے اجتناب کرنا چاہیے۔

مسلم لیگ ن کے سینئررہنما سینیٹر مشاہد اللہ نے  کہا  کہ مسلم لیگ ن میں نوازشریف کا ہی بیانیہ ہے اور سیاسی بیانیہ ایک بار طے ہوتا ہے بار بار نہیں۔

سینئر صحافی اور تجزیہ کارعامر احمد خان نے کہا کہ سیاست میں وہ ہوتا ہے جس کی جگہ چھوڑی جاتی ہے جس طرح نوازشریف کے خلاف مقدمہ بنایا گیا وہ قانونی سے زیادہ سیاسی فیصلے تھے، اسی لیے کسی کے پاس اخلاقی جواز نہیں رہتا کہ وہ نوازشریف کی سیاست کے متعلق سوال اٹھائے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی رویے نے مفاہمت کا راستہ چھوڑا ہی نہیں اور اپوزیشن کو اس حالات میں لاکھڑا کیا ہے کہ وہ مزاحمتی سیاست اختیار کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی کوئی سیاسی سمت نہیں اگر ایسے وقت میں کوئی احتجاجی تحریک شروع کرتا ہے تو اس کے لیے بہت آسان ہوگا اور اس سال کے اخر تک اپوزیشن کا ایک احتجاجی تحریک کی شکل میں اکھٹے ہونے کا امکان بھی ہے۔


متعلقہ خبریں