جعلی اکاؤنٹس کیس: غیر قانونی ٹھیکوں کا معاملہ، زرداری کا عدالت سے رجوع کا فیصلہ


اسلام آباد: جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے غیر قانونی ٹھیکوں میں طلبی کا معاملے پر اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع کے مطابق سابق صدر نے پیشی سے پہلے ضمانت کے لئے ہائی کورٹ سے رجوع کا فیصلہ کیا ہے، وہ کل ذاتی حیثیت میں پیش ہو کر درخواست دائر کریں گے۔

آصف زرداری کی جانب سے پانچویں انکوائری میں بھی ضمانت کی درخواست دائر کی جائے گی۔

مزید پڑھیں؛ آصف زرداری 9 مئی کو نیب راولپنڈی طلب

ذرائع نے بتایا کہ نئی درخوستِ ضمانت کا فیصلہ نیب کے نئے نوٹس کے بعد کیا گیا۔

آصف زرداری نے اس سے پہلے پارک لین، جوائنٹ وینچر ، بلٹ پروف اور منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت حاصل کر رکھی ہے۔

اس سے قبل قومی احتساب بیورو (نیب ) راولپنڈی نے آصف علی زرداری کو 9 مئی  کو طلب کیا۔

یہ بھی پڑھیے:آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے نیب کو بیان ریکارڈ کرا دیا

ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری کو مبینہ جعلی بنک اکاؤنٹس کیس اور سندھ حکومت سے غیر قانونی ٹھیکے حاصل کرنے کے کیس میں تحقیقات کے سلسلے میں طلب کیا گیا ہے۔ سابق صدرپاکستان  کو نیب اولڈ ہیڈکواراٹر میں پیش ہونے کا نوٹس بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے ہریش اینڈ کمپنی کو غیر قانونی ٹھیکے دیے۔ نیب نے متعلقہ کیس میں احتساب عدالت میں ریفرنس بھی دائر کر رکھا ہے جس میں اومنی گروپ کے عبدالمجید غنی اور مناہل غنی بھی ملزم نامزد ہیں۔

یاد رہے کہ نیب نے آصف زرداری کو پہلے 11 مئی کو طلب کیا  تھا تاہم ذرائع کے مطابق رمضان شریف کی وجہ سے دن اور وقت تبدیل کیا گیا۔


متعلقہ خبریں