’مریم نواز کا ری لانچ بھی ناکام رہا‘



اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما زین قریشی نے کہا کہ آج سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا ’ری لانچ‘ تھا جو بری طرح ناکام رہا۔

ہم نیوز کے پروگرام’نیوز لائن‘ میں گفتگو کرتے ہوئے زین قریشی کا کہنا تھا کہ ن لیگ آج لاہور میں توقع کے مطابق ورکرز کو باہر نہیں نکال سکی جس کا مطلب ہے کہ پنجاب کے مرکز میں یہ جماعت اب بڑی سیاسی پارٹی نہیں رہی۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر اپوزیشن مہنگائی کے معاملے میں اکٹھی بھی ہو جائے تو حکومت کو کوئی خطرہ نہیں کیوں کہ یہ سابقہ حکومت کی ناکام پالیسوں کا نتیجہ ہے۔

تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ قانون سب پر برابر لاگو ہونا چاہیے لیکن اب صورتحال یہ ہے کہ نوازشریف بڑی جماعت کے رہنما ہیں اور انہوں نے اپنے کارکنان کو کال دی تھی۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی طرف سے کال کے بعد حکومت طاقت کا استعمال نہیں کر سکتی تھی۔ طاقت کے استعمال سے حکومت کیلئے مشکلات پیدا ہو سکتی تھیں۔

’ن لیگ امید کے مطابق ورکرز کو باہر نہیں لا سکی‘

تجزیہ کار عارف حمید بھٹی نے کہا کہ نواز شریف کے جیل جانے پر ن لیگ نے ٹیسٹ کیا ہے کہ احتجاج کی کال دینے پر کتنے لوگ باہر آسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ امید کے مطابق ورکرز کو باہر نہیں لا سکی۔

عارف حمید بھٹی نے کہا کہ قانون کے مطابق نواز شریف کو شام 7 بجے تک جیل پہنچ جانا چاہیے تھا۔ ایک سال کا ریکارڈ دکھا دیں کتنے لوگوں کو غروب آفتاب کے بعد جیل میں وصول کیا گیا۔ جس ملک میں قانون نہ ہو وہاں گاڈ فادر پیدا ہوتے ہیں۔

سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام نہیں آسکتا، عامرحسن

پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما بیرسٹرعامرحسن نے کہا کہ سپریم کورٹ نے جہانگیر ترین کو بھی نا اہل قرار دیا ہے لیکن انکا حکومت میں عمل دخل بھی ہو تو آپ یہ نہیں کہہ سکتے کہ نوازشریف کو رعایت دی جارہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت نے یہی رویہ رکھا تھا تو چار ماہ بعد پی ٹی آئی ن لیگ اور پیپلزپارٹی کا مقابلہ نہیں کر سکے گی۔ حکومت کو سمجھنا چاہیے کہ سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام نہیں آسکتا۔

بیرسٹرعامرحسن کا کہنا تھا کہ حکومت کی موجودہ ٹیم ناکام ہوچکی ہے اور باہر سے لوگ لائے جارہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اگر مہنگائی سابقہ دوحکومتوں نے کی تو آپ ان لوگوں کو کیوں بھول جاتے جو ملک کو فلاحی ریاست سے سیکیورٹی اسٹیٹ کی طرف لے کر گئے۔

ن لیگ کے رہنما مشاہداللہ خان نے کہا کہ اس ملک میں لوگ نکلتے ہی نوازشریف اور مریم نواز کیلئے ہیں، رات کے اس پہر بھی لوگوں کی بھیڑ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ، نوازشریف اور مریم نواز کا آفتاب کبھی غروب نہیں ہوگا ان کا آفتاب اب طلوع ہوگا۔


متعلقہ خبریں