نواز شریف کو اپنے کیے کی سزا بھگتنی پڑے گی، فردوس عاشق اعوان


اسلام آباد: معاون خصوصی وزیراعظم برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان کی عدلیہ نے نواز شریف کو مجرم ٹھرایا کیونکہ وہ  آمدن سے زائد اثاثوں کا جواب دینے میں ناکام رہے۔

انہوں نے کہا کہ شریف خاندان نے ہمیشہ پاکستان کے عوام اور نظام کو دھوکہ دے کر اپنے عزائم حاصل کرنے کی کوشش کی، وہ شاید اب بھی یہ سمجھ رہے ہیں کہ لوگوں کو بیوقوف بنا لیں گے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہا کہ ان کا خیال تھا کہ مجمع اکٹھا کر کے این آر او کے لیے دباؤ ڈالا جا سکے گا لیکن 2018 کے انتخابات کی طرح عوام نے ان کے جلوس اور ریلی کو بھی مسترد کردیا۔

معاون خصوصی وزیراعظم برائے اطلاعات و نشریات نے کہا کہ پاکستان کے عوام باشعور ہیں، انہیں گمراہ نہیں کیا جاسکتا، میاں صاحب کو اپنے کیے کی سزا بھگتنی پڑے گی۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ  پہلے سے سیاسی کارکنان اپنے رہنماؤں کو بے گناہ ثابت ہونے پر جلوس کی شکل میں جیل سے لاتے تھےلیکن ن لیگ  الٹی گنگا بہا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سابق وزیراعظم نواز شریف کوٹ لکھپت جیل روانہ

ان کا کہنا تھا کہ بیٹوں نے پیچھے پلٹ کر والد کا حال نہیں پوچھا، چھوٹے بھائی نے جب دیکھا کہ نواز شریف جیل ہی جائیں گے تو وہ بھی چھوڑ کر ملک سے ہی بھاگ نکلا۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ صاحبزادی نے پہلے والد کی سیاست ناکام کی اور آج والد کا جلوس نکال رہی ہے۔

’این آر او ملے گا نہ ہی کسی قسم کی ڈھیل ہوگی‘

دوسری جانب وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا ہے کہ ہمیشہ چاہتے تھے کرپشن کا جنازہ دھوم دھام سے نکلے، آج جاتی امراء سے نکل آیا۔

اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ قوم کو بے رحمی سے لوٹنے والے “گاڈ فادر” کی سیاست کی آخری رسومات ادا کی جارہی ہیں اور ان کی سیاست کا جنازہ کوئی اور نہیں خود ان کی صاحبزادی نکال رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ بھائی جو ایئرپورٹ لینے نہ پہنچا آج چھوڑ چھاڑ کر لندن فرار ہوچکا ہے، میاں صاحب کو پوری سیاست جھوٹ، فراڈ اور دھوکہ دہی سے عبارت ہے۔

مراد سعید نے کہا کہ میاں صاحب اور ان کی کرپشن آج پوری دنیا کیلئے سامانِ عبرت بن چکی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بیماری کی آڑ میں ملک سے بھاگنے کی کوشش ناکام ہوئی تو لاہور کی سڑکوں پر آج کی بے جان سرکس لگانے کا خیال آیا۔

انہوں نے کہا کہ قوم میاں صاحب اور ان کی صاحبزادی کا بیانیہ مسترد کرکے اپنے وزیر اعظم کیساتھ کھڑی ہے، عوام نے آج ثابت کردیا کہ انہیں کرپشن اور کرپٹ کرداروں سے نفرت ہے۔

مراد سعید کا مزید کہنا تھا کہ قوم چاہتی ہے کہ ہر کرپٹ کردار جیل کی سلاخوں کے پیچھے پہنچایا جائے، این آر او ملے گا نہ ہی کسی قسم کی ڈھیل ہوگی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ قوم کی لوٹی گئی دولت واپس کرنے کے علاوہ کوئی آپشن اب باقی نہیں۔


متعلقہ خبریں