آصف علی زرداری کی 15مئی تک عبوری ضمانت منظور



اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق صدر آصف علی زرداری  کی عبوری ضمانت 15مئی تک منظور کرلی ۔ انہوں نے  ایک اور انکوائری میں  ضمانت قبل از گرفتاری  کے حصول کےلیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔

جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل ڈویژن بنچ نے درخواست کی سماعت کی ۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے آصف علی زرداری کی درخواست پر پانچ لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے نیب سے تحریری جواب بھی طلب کرلیاہے۔

آصف علی زرداری اپنی صاحبزادی آصفہ بھٹو کے ہمراہ  اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچے تھے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ سے ضمانت کے حصول کے بعد سابق صدر آصف علی زرداری نے ذرائع ابلاغ سے گفتگو میں حکومت مخالف تحریک کا عندیہ بھی دے دیا۔

آصف علی زرداری نے کہا حکومت کے خلاف سیاسی تحریک تو چلے گی۔ تحریک کب چلے گی یہ اصل سوال ہے۔

صحافی نے سوال کیا کہ خان صاحب این آر نہیں دونگا والا بیان بار بار دے رہے ہیں کیا کہیں گے؟ اس پر زرداری بولے خان صاحب کہیں خود کو این آر او نہ دے دیں۔

 آئی ایم ایف کے ملازم کو گورنراسٹیٹ بنک لگا نا بڑی غلطی ہے،زرداری

سابق صدر پاکستان آصف زرداری نے کہا کہ گورنر اسٹیٹ بنک لگانا یہ پاکستان کی بھول ہے۔ پاکستان کی معاشی تاریخ میں یہ بات یاد رکھی جائے گی۔ میری یہ بات یاد رکھیں پاکستان نے آئی ایم ایف کے ملازم کو گورنراسٹیٹ بنک لگا کر بہت بڑی غلطی کی ہے۔

آصف علی زرداری کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا  کہ انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ نیب نے نو مئی کو طلب کیا ہے ، اس موقع پر  گرفتاری کا خدشہ ہے۔

آصف علی زرداری نےعدالت سے استدعا کی ہے کہ انہیں  ضمانت قبل از گرفتاری دینے کے ساتھ ساتھ  کیسز کی تفصیلات  بھی فراہم کی جائیں۔

درخواست میں کہا گیا کہ ایسا کوئی خدشہ نہیں کہ درخواست گزار ضمانت ملنے پر ریکارڈ میں کوئی ٹیمپرنگ کرسکتا ہے۔

درخواست میں چیئرمین نیب اور ڈپٹی ڈائریکٹر محمد کامران کو فریق بنایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے:آصف زرداری 9 مئی کو نیب راولپنڈی طلب

یاد رہے قومی احتساب بیورو (نیب ) راولپنڈی نے سابق صدر آصف علی  زرداری کو 9 مئی  کو طلب  کررکھا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری کو مبینہ جعلی بنک اکاؤنٹس کیس اور سندھ حکومت  سے غیر قانونی ٹھیکے حاصل کرنے کے کیس  میں تحقیقات کے سلسلے میں طلب کیا گیا ہے۔ سابق صدرپاکستان  کو نیب اولڈ ہیڈکواراٹر میں پیش ہونے کا نوٹس بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے ہریش اینڈ کمپنی کو غیر قانونی ٹھیکے دیے۔ نیب نے متعلقہ کیس میں احتساب عدالت میں ریفرنس بھی دائر کر رکھا ہے۔ ریفرنس میں اومنی گروپ کے عبدلمجید غنی اور مناہل غنی بھی ملزم نامزد ہیں۔

یاد رہے نیب نے آصف زرداری کو پہلے 11 مئی کو طلب کیا  تھا۔ تاہم ذرائع کے مطابق  رمضان شریف  کی وجہ سے دن اور وقت تبدیل کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے:آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے نیب کو بیان ریکارڈ کرا دیا

یاد رہے آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو  نے 20مارچ کو نیب کو  بیان رکارڈ کرایا تھا۔ آصف زرداری اور بلاول بھٹو سے نیب آفس میں لگ بھگ دو گھنٹے پوچھ گچھ کی گئی تھی۔


متعلقہ خبریں