ڈاکٹر عافیہ صدیقی اپنی سزا کے خلاف اپیل دائر کرنے پر آمادہ



مبینہ دہشتگردی کے جرم میں امریکی عدالت سے سزا یافتہ پاکستانی ڈاکٹر عافیہ صدیقی اپنی سزا کے خلاف اپیل دائر کرنے پر آمادہ ہوگئی ہیں۔ یہ انکشاف آج ایوان بالا(سینیٹ)کے اجلاس وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی طرف سے پیش کیے گئے تحریری جواب میں ہواہے ۔

سینیٹ میں پیش کیے گئے تحریری جواب میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی طرف سے کہا گیاہے کہ امریکی عدالتی نظام کے مطابق عافیہ صدیقی کی اپیل پر ہی انکی رہائی کا فیصلہ ممکن ہے ۔

شاہ محمود قریشی نے ایوان بالا کو آگاہ کیا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی واپسی کےلئے امریکہ کو درخواست کی گئی ہے۔ امریکہ سے بیرون ملک فوجداری سزاؤں کے بین الامریکہ کنونشن 1993 کے تحت درخواست کی ہے ۔

شاہ محمود قریشی نے کہا فوجداری سزاؤں کے بین الامریکہ کنونشن 1993 کے تحت ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو واپس لانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

شاہ  محمود قریشی نے کہا ڈاکٹر عافیہ صدیقی کیس سے متعلق مکمل باخبر ہیں اور انکی اپسی کا معاملہ مسلسل امریکی حکام کے سامنے  اٹھا رہے ہیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے مطابق ہوسٹن  میں تعینات  پاکستانی قونصل جنرل  ڈاکٹر عافیہ  صدیقی سے ملاقات کے لیے جیل کامسلسل دورہ کرتے ہیں۔

سینیٹر طلحہ محمودنے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کمیٹی امریکہ میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے ملاقات کرنے گئی تھی۔ ڈاکٹرعافیہ کیس کے حوالے سے کچھ نہیں ہو رہا۔

طلحہ محمود نے چیرمین سینیٹ سے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا کیس متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھجوائیں۔

وزیر پارلیمانی امور اعظم سواتی نے ایوان کو بتایا کہ ہماری حکومت سمیت ہر حکومت نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا کیس امریکہ کے ساتھ ہر سطح پر اٹھایا ہے۔میرے بچے اور بہنوئی امریکہ میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے کیس پر کام کر رہے ہیں۔

چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی  نے معاملہ متعقلہ کمیٹی کے سپرد کردیا۔

یاد رہے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے گزشتہ برس وزارت خارجہ میں منصب سنبھالنے کے کچھ دن بعد ملتان میں ذرائع ابلاغ سے گفتگو میں کہا تھا کہ امریکہ میں قید ڈاکٹر عافیہ  قوم کی بیٹی ہیں، ان کا خاندان جس کرب سے گزر رہا ہے ہمیں اس کا احساس ہے، میں نے  پہلے بھی کوشش کی اور اب بھی کوشش کروں گا کہ ڈاکٹر عافیہ جلد گھر لوٹ آئیں۔

یہ بھی پڑھیے:کوشش کریں گے ڈاکٹر عافیہ جلد گھر لوٹیں، قریشی

واضح رہے نومبر 2018میں اس وقت کے وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چودھری  نے کہا تھا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو وطن واپس لانے کی پوری کوشش کریں گے۔

انہوں  نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک قید پاکستانی قیدیوں کے معاملے کو دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ قیدیوں کو ہرممکن قانونی معاونت دینا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

عافیہ کو پاکستان واپس لانے کی کوشش کریں گے، فواد چوہدری


متعلقہ خبریں