نشوا کیس:دارالصحت اسپتال کےمالک نےہائیکورٹ سے ضمانت حاصل کرلی

نشوا کی وجہ موت غلط انجکشن تھا، میڈیکل بورڈ کی رپورٹ

فوٹو: فائل


کراچی : دارالصحت اسپتال کےمالک عامر چشتی  نے سندھ ہائیکورٹ سے ضمانت حاصل کرلی ہے۔ عدالت نےعامرچشتی اور فرحان علی کی50ہزار روپےفی کس مچلکوں کے عوض  ضمانت منظور کی ہے۔

جسٹس صلاح الدین پہنور نے حکم دیا  کہ ملزم 10روزمیں متعلقہ عدالت سے رجوع کریں۔

یاد رہے دونوں ملزمان گزشتہ روز ڈسٹرکٹ جج شرقی کی عدالت سےضمانت منسوخ ہونے کے بعد فرار ہوگئے تھے۔

کراچی کے ڈسٹرکٹ جج شرقی نے دارالصحت اسپتال کے مالکان کی ضمانت مسترد کردی تھی۔ ملزمان احاطہ عدالت سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے جبکہ  پولیس خاموش تماشائی بنی رہی ۔

ملزمان کے وکلانےعدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا تھا کہ بچی کی ہلاکت کے معاملے میں انتظامیہ کا کوئی رول نہیں ہے اور  ایف آئی آر میں بھی مالکان کا کہیں  ذکر نہیں ہے۔

161 کے بیان میں  بھی کسی نہیں کہا کہ چیئرمین یا وائس چیئرمین سے ملاقات ہوئی۔ اسٹاف کی نا اہلی کے حوالے سے بھی ایف آئی آر میں نہیں کہا گیا۔ دوسرے بیان میں ایمبولینس نہ ہونے کا بیان دیا گیاہے۔

یہ بھی پڑھیے:نشوا ہلاکت کیس: دارالصحت اسپتال کے مالکان کی ضمانت مسترد

ملزمان کے وکیل نے کہا اصل ایف آئی آر میں صرف یہ درج ہے کہ غلط انجیکشن لگانے سے بچی کی ہلاکت  ہوئی ہے۔ ایف آئی آر کے بعد بیانات کے ذریعے واقعے کو کہیں اور لے جانے کی کوشش کی گئی۔ تفتیشی افسر کی ذمہ داری تھی کہ کیس کو بہتر طریقے سے سامنے لاتے۔

بچی کے والد نے عدالت میں آبدیدہ ہوکر کہا تھا کہ اسپتال انتظامیہ کو تمام صورتحال کا علم تھا،مجھے بچی کو دوسرے اسپتال شفٹ کرنا تھالیکن اسپتال انتظامیہ نے مجھے بچی کی ہسٹری لکھ کر نہیں دی۔ اسپتال انتظامیہ نے جو غلط انجیکشن لگایا اس کو لکھ کر دینے سے انکار کیا۔میری بچی تڑپ رہی تھی لیکن اسپتال کے چیئرمین نہ ہونے کے باعث ڈسچارج نہیں کیا گیااس لیئے میڈیا کو بلایا کہ مسئلہ سنگین تھا۔

یہ بھی پڑھیے:نشوا کے والد کا دارالصحت کے چیئرمین کی گرفتاری کا مطالبہ

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد اسپتال کے مالکان کی ضمانت مسترد کرنے کا حکم سنادیا ۔ حکم سنتے ہی اسپتال کے مالکان اسپتال سے فرارہوگئے اور پولیس خاموش تماشائی بن کر دیکھتی رہی۔


متعلقہ خبریں