چارسدہ:پولیس وین پر نامعلوم افراد کی فائرنگ،1 پولیس اہلکار شہید، 2زخمی


چارسدہ : تنگی کے نواح میں پولیس وین پر نامعلوم افراد کی فائرنگ  سے ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ 2زخمی ہوگئے ہیں۔

پولیس ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ نامعلوم افراد نے گنڈھیری نامی علاقے میں پولیس وین پر  فائرنگ کی ہے جس کے  نتیجے میں اے ایس آئی محبت خان شہید جبکہ دو اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔
زخمی ہونے والے پولیس  اہلکاروں میں توصیف اور مصور شامل ہیں۔

کے پی پولیس کے مطابق واقعہ کے بعد فائرنگ کرنے والے نامعلوم ملزمان فرار ہونے میں کامیاب  ہوگئے ہیں۔

ڈی پی او چارسدہ عرفان اللہ نے ہم نیوز کو بتایا ہے کہ علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ زخمی پولیس اہلکاروں کو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے ۔

یاد رہے رواں سال 12فروری کو ڈیرہ اسماعیل خان میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے چار پولیس اہلکار شہید ہو گئے تھے۔

ڈی ایس پی مہر علی نے ہم نیوز کو بتایا تھا کہ پولیس پارٹی حسب معمول گشت پر تھی کہ تین موٹرسائیکلز پر 6 نامعلوم افراد سوار تھے جنہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی۔

ڈی ایس پی مہر علی کے مطابق پولیس وین میں ایس ایچ او تھانہ پرووا سمیت پانچ پولیس اہلکار سوار تھے۔ واقعہ میں چار پولیس اہلکار شہید جبکہ ایس ایچ او تھانہ پرووا زخمی ہوئے ۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلح افراد کی فائرنگ سے دو راہ گیر زخمی بھی ہوئے۔ دہشتگردوں نے ایک چنگچی رکشے پر گیس سلنڈرز اور دھماکہ خیز مواد بھی اپنے ساتھ رکھا ہوا تھا جسے بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ناکارہ بنادیا۔

یہ بھی پڑھیے:ڈی آئی خان: فائرنگ سے چار پولیس اہلکار شہید، نماز جنازہ ادا


متعلقہ خبریں