ہتک عزت کا دعوی:گلوکارہ میشا شفیع کی جج تبدیل کرنے کی درخواست منظور

میشا شفیع کیس: سیشن کورٹ کا حکم کالعدم قرار

فائل فوٹو


لاہور:ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاہور نے گلوکارہ  میشا شفیع کی  جج تبدیل کرنے کی درخواست منظور کرلی ۔ عدالت نےحکم دیاہے کہ  اداکار علی ظفر کی طرف سے میشا شفیع کے خلاف دائر ہتک عزت کا کیس دوسری عدالت منتقل کیا جائے۔

سیشن جج لاہور خالد نواز نے گلوکارہ میشا شفیع کی درخواست پر سماعت کی ۔

عدالت  نےمیشا شفیع کے خلاف اداکار علی ظفر کے  ہتک عزت کے دعوی کو فوری طور پر  دوسری عدالت میں ٹرانسفر کرنے کا حکم دیاہے۔ عدالت نے ہتک عزت کے دعوی پر قانون کے مطابق جلد فیصلہ کرنے کی ہدایت بھی کی ہے ۔

سیشن جج لاہور نے مقدمہ ایڈیشنل سیشن جج امجد علی شاہ کی عدالت میں ٹرانسفر کردیاہے۔ ایڈیشنل سیشن جج امجد علی شاہ گیارہ مئی کو کیس کی سماعت کریں گے۔

یادر رہے گلوکارہ میشا شفیع نے ہتک عزت کے دعویٰ پر سماعت کرنے والے جج پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے جانبداری کا الزام عائد کر دیا تھا۔

گلوکارہ میشاء شفیع کی جانب سے جج کی تبدیلی کی درخواست پر سماعت 4 مئی کو ہوئی تھی ۔ عدالت نے ڈسٹرکٹ سیشن جج کی تبدیلی کے حوالے سے فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے سماعت 07 مئی تک ملتوی کر دی تھی۔

گلوکار علی ظفر پر جنسی ہراسگی کا الزام لگانے والی گلوکارہ میشا شفیع نے ہتک عزت کے دعویٰ پر سماعت کرنے والے جج پر جانبداری کا الزام لگاتے ہوئے مقامی عدالت سے رجوع کرتے ہوئے کہا کہ گواہان کے بیانات قلمبند کراتے وقت موجودہ جج نے گواہان کو جوابات دینے میں معاونت کی۔

یہ بھی پڑھیے:میشا شفیع کا جج پر جانبداری کا الزام، فیصلہ محفوظ

میشا شفیع نے اپنے وکیل فرہاد علی شاہ کی وساطت سے جج کی جانبداری کے خلاف درخواست بھی لاہور کی مقامی عدالت میں جمع کرائی۔

اداکارہ نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ موجودہ جج میرے وکلاء پر بلاوجہ برہم بھی ہوئے۔ انہوں نے ہتک عزت کے دعویٰ کو دوسرے جج کے پاس منتقل کرنے کی استدعا کی۔

ایڈیشنل سیشن جج شکیل احمد گلوکار علی ظفر کے ہتک عزت کی درخواست پر گزشتہ 6 ماہ سے سماعت کر رہے ہیں۔

گزشتہ برس اپریل میں میشا شفیع نے اداکارعلی ظفر پر جیمنگ سیشن کے دوران ہراسمنٹ کا الزام لگایا تھا جبکہ اس وقت میشا شفیع اور علی ظفر کے معاملے میں دو درخواستیں مختلف عدالت میں زیرسماعت ہیں۔


متعلقہ خبریں