پولیس فاؤنڈیشن کیس:احتساب عدالت نے ن لیگی رہنما انجم عقیل کو بری کردیا

این اے 46

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے پولیس فاؤنڈیشن اراضی کیس میں سابق ن  لیگی ایم این اے انجم عقیل خان کو باعزت بری کردیاہے۔

احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نےمحفوظ  فیصلہ سنایاہے۔ مقدمے میں چاروں شریک ملزمان کو بھی باعزت بری کیا گیاہے ۔

عدالت نے اپنے فیصلے  میں کہاہے کہ استغاثہ یعنی نیب انجم عقیل کیخلاف الزامات ثابت کرنے میں ناکام رہاہے۔

گذشتہ روز فریقین کے وکلا کے دلائل مکمل ہونے پراسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے  فیصلہ محفوظ کیاتھا۔

لیگی رہنما انجم عقیل کی جانب سے تنویر اقبال اور شریک ملزم افتخار احمد کی جانب سے چوہدری مشتاق نے دلائل دیے تھے۔

انجم عقیل پر الزام  تھا کہ انھوں نے اسلام آباد میں نیشنل پولیس فاونڈیشن کے اہلکاروں کے ساتھ مل کر زمین کی خریداری کے سلسلے میں مبینہ طور پر اربوں روپےکی بدعنوانی کی ہے۔

یاد رہے 2011میں وفاقی دارالحکومت سے انجم عقیل خان کو اس کیس میں گرفتار بھی کیا تھا تاہم ان  کی گرفتاری کے فوراً بعد ان کے حامی پولیس تھانے سے اُنھیں چھڑوا کر اپنے ساتھ لے جانے میں کامیاب ہو گئے تھے۔

متعلقہ خبریں