لاہور: خود کش حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی



لاہور:داتا دربارکے قریب پولیس وین پر ہونے والے خود کش حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ہے ۔ ہم نیوز کے پاس موجود فوٹیج میں دیکھا جاسکتاہے کہ حملہ آور نے صبح 8بجکر چالیس منٹ پر داتا دربار کے گیٹ نمبر دو کے سامنے ایلیٹ فورس کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔

سی سی ٹی وی فوٹیج  میں دیکھا جاسکتاہے کہ  حملہ آور نے تن پر سیاہ لباس اور پاؤں میں چپل پہن رکھے تھے۔

فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ حملہ آور نے ایلیٹ فورس کی گاڑی کے پاس پہنچتے ہی خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ ہرطرف افراتفریح پھیل گئی ،

واقعے کے فوری بعد پولیس کی بھاری نفری نے حادثے کی جگہ کا محاصرہ کرلیا۔

دھماکے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو طبی امداد کے لیے میو اسپتال منتقل کیا۔

داتا دربار کے قریب ہونے والے خود کش حملے  میں 6 پولیس اہل کاروں سمیت 10 افراد شہید  جبکہ 20 زخمی ہوگئےتھے۔

اسپتال ذرائع کے  مطابق سات زخمیوں  کی حالت تشویش ناک ہے۔  خود کش دھماکے سے ایلیٹ فورس کی گاڑی مکمل تباہ ہوگئی۔

پولیس کی طر ف سے حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج وزیراعلی پنجاب عثمان بزدارکو بھی دکھائی گئی ۔

آئی  جی پنجاب نے بھی تصدیق کی  ہے کہ دھماکہ خودکش تھا اور حملہ آور کا ٹارگٹ داتا دربار کی سیکورٹی پر تعینات ایلیٹ فورس کی ٹیم ہی تھی۔

پولیس ذرائع کے مطابق حملہ آور کے اعضا فرانزک کے لیے لیبارٹری میں  بھیج دئیے گئے ہیں ۔ پولیس حکام کے مطابق دھماکے میں سات کلو گرام بارود استعمال ہوا۔

یہ بھی پڑھیے:داتا دربار کے قریب خودکش حملہ، 10 افراد جاں بحق

وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے دھماکے کی جگہ کا دورہ کیا۔ انہوں نے دھماکے کی فوری انکوائری کا حکم دیتے ہوئے آئی جی پنجاب اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ سے رپورٹ طلب کرلی ۔

وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے شہدا کے لواحقین اور زخمیوں کے لیے امداد کا بھی اعلان کیا۔

وزیر اعظم عمران خان  نے بھی حملے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔


متعلقہ خبریں