قوم کا پیسہ واپس کرنا ہوگا، فردوس عاشق اعوان


اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری کو مشورہ دیا ہے کہ آپ آئی ایم ایف کے بارے میں پریشان نہ ہوں بلکہ سندھ حکومت کی مالی بے ضابطگیوں اور صوبائی خزانے پر ڈاکہ زنی کا جواب دیں۔

بلاول کی میڈیا سے گفتگو پر اپنے ردعمل میں ان کا کہنا تھا کہ بلاول اندرون سندھ میں ایڈز سے متاثرہ سسکتے افراد اور خاندانوں کو تسلی دینے کیوں نہیں گئے؟

انہوں نے کہا کہ وفاق کی جانب سے دیے گئے اربوں روپے ہضم کرکے ڈکار تک نہ لینے والے وفاق سے کس بات کا گلہ کر رہے ہیں؟

مزید پڑھیں: صوبے وفاق کی ناکامیوں کی وجہ سے دیوالیہ ہورہے ہیں، بلاول

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ لانچوں اور گھروں سے جو پیسہ برآمد ہوا وہ قوم کا پیسہ ہے، اسے واپس کرنا ہو گا۔

چیئرمین پبلک اکاوئنٹس کمیٹی کے حوالے سے بلاول کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کو دھوکہ دینے کی تاک میں رہتی ہیں، جس کا پہلے داؤ لگ جائے دوسرا روتا رہتا ہے۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات کے مطابق اعلیٰ اداروں میں خدمات سر انجام دینے والے قابل اور ذہین پاکستانیوں پر اپنے ملک کے دروازے بند نہیں کر سکتے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے نئے پاکستان میں صلاحیتوں کی قد رکی جاتی ہے۔ بلاول جواب دیں کہ ان کا اور ایان علی کا مشترکہ اکاونٹ کیا حسن اتفاق ہے؟

انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل سے تعلق ہونے کے ناطے قوم کو آپ سے نئی سوچ کی توقع تھی مگر افسوس کہ آپ نے خود کو کرپشن کے دفاع پر مامور کر لیا، بھٹو کا وارث بننے کے لئے آپ کو کرپشن سے ناطہ توڑنا ہو گا۔


متعلقہ خبریں