30 جون کو ٹیکس کلیکشن شارٹ فال 350  ارب ہوگا،شبر زیدی 


اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کے نامزد چیئرمین سید شبر زیدی نے کہا کہ 30 جون 2019 کو ٹیکس کلیکشن شارٹ فال 350  ارب کا ہو گا، ٹیکس نظام ٹھیک کرنے کے لیے آٹومیشن، ڈیٹا بیس اور بینکوں کا تعاون ضروری ہے، ٹیکس کا دائرہ کار پورے ملک میں پھیلانا ہو گا۔

انہوں نے ہم نیوز کے پروگرام ندیم ملک لائیو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ٹیکس کلیکشن نہیں ہوسکا اور یہ چیزیں ایک لمبے عرصے سے چلتی آرہی ہیں۔

شبر زیدی نے کہا کہ ٹیکس دہندگان اور حکومت کے درمیان عدم اعتماد کم کرنا میرے لیے ایک بڑا کام ہے کیونکہ اس وقت دونوں کے درمیان عدم اعتماد ختم کرنے کی ضرورت ہے اور یہ سب نظام کی خرابی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شبر زیدی چیئرمین ایف بی آر تعینات

انہوں نے کہا کہ میرا مقصد یہ ہے جو ٹیکس دے رہا ہے اسے عزت دی جائے کیونکہ اس وقت ٹیکس دینے والوں کی عزت نہیں اور جو نہیں دے رہے ان کی اہمیت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نیٹ ٹیکس دینے والوں کو عزت دینا ہوگی، اس وقت نقصان صرف پاکستانی عوام کا ہورہا ہے، ہمیں اپنی ایکسپورٹ میں اضافہ کرنا ہوگا۔

شبر زیدی نے کہا کہ پاکستان میں ایک ہزار ارب روپے ٹیکس مزید جمع ہوسکتا ہے، اس وقت مینیوفیکچرنگ اور تنخواہ دار کلاس ٹیکس کا سارا بوجھ برداشت کررہے ہیں،ان پیڈ منی کا پارکنگ لارڈ نہیں ہونا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ سیلز ٹیکس سسٹم (جی ایس ٹی) اور ویلیو ایڈٹ ٹیکس  (ویٹ) سسٹم سے متعلق انہوں نے کہا کہ میرا ارادہ ہے کہ ویڈ ہونا چاہیئے لیکن اس کا فریم ورک بھی ہونا چاہیئے، ویٹ ایک اچھا  قانون ہے۔

نامزد چئیرمین شبر زیدی کہنا تھا کہ اس وقت کسان کو چھیڑ نہیں سکتے اور ابھی سب سے پہلے انکم ٹیکس دینے والوں کو عزت دینی ہے۔


متعلقہ خبریں