پنجاب بھر میں گرینڈ ہیلتھ الائنس کی ہڑتال کا آٹھواں روز



لاہور: پاکستان کے سب سے بڑے صوبہ  پنجاب کے صوبائی دارالحکومت  لاہور سمیت پنجاب بھر میں گرینڈ ہیلتھ الائنس کی ہڑتال کا آج  آٹھواں روز ہے۔ اسپتالوں کی خود مختاری کے قانون کے خلاف تمام ٹیچنگ اسپتالوں کے آؤٹ ڈور بند ہیں۔

میڈیکل ٹیچنگ انسٹیٹیوٹ (ایم ٹی آئی) ایکٹ کیخلاف ڈاکٹرز کی ہڑتال کے باعث  اسپتالوں کے آؤٹ ڈور میں ڈاکٹرز ،نرسز اور دیگر عملہ نہ ہونے سے مریضوں کو  شدید پریشانی کا سامناہے۔ ینگ ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈیکل اسٹاف کے ساتھ درجہ چہارم کے تمام  ملازمین بھی احتجاج میں شریک  ہوچکے ہیں۔

گرینڈ ہیلتھ الائنس کے مطابق لاہور میں جنرل، جناح، شیخ زید، چلڈرن اسپتال ، سروسز ،گنگا رام ،پنجاب ڈینٹل اسپتال اور پی آئی سی کی آوٹ ڈور آج بند رہیں گے۔

ینگ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ داتا دربار دھماکے قریب ہوئے خود کش حملے  کے باعث میو اسپتال کی ایمرجینسی اور او پی ڈی میں کام کیا جارہا ہےاورجمعرات کو اسپتالوں کے ان ڈور بند کرنے کے پلان کو بھی موخر کردیا گیا ہے۔

ہیلتھ الائنس نے کہا ہے کہ وہ کسی صورت بھی اسپتالوں کی نجکاری نہیں ہونے دیں گے۔

الائنس کی جانب سے پنجاب اسمبلی کے  اگلے سیشن میں اسمبلی کے سامنے دھرنا دینے کا اعلان بھی کیا گیاہے۔

واضح رہے کہ  گرینڈ ہیلتھ الائنس مذاکرات کے لیے حکومتی کمیٹی کو بھی مسترد کرچکاہے۔ الائنس کی طرف سے مطالبہ کیا گیاہے کہ انکے کے کم سے کم 6ممبران کو کمیٹی میں شامل کیا جائے۔ انہوں نے یہ مطالبہ بھی کیا ہے کہ صوبے کا محکمہ صحت پنجاب اسمبلی میں بل کو رکوانے کیلئے تحریری درخواست بھی دے۔

یہ بھی پڑھیے:پنجاب میں ڈاکٹرز ہڑتال پر کیوں؟

ہیلتھ الائنس کی طرف سے کہا گیاہے کہ حکومت  اوراپوزیشن کی طرف سے دو منتخب نمائندے اسمبلی کی اسٹینڈنگ کمیٹی میں بھی شامل کرے۔

گرینڈ ہیلتھ الائنس آج جناح اسپتال میں ریلی کا انعقاد بھی کریگا۔

فیصل آباد میں بھی سرکاری اسپتالوں کے  سینئیروجونئیر ڈاکٹرز، او پی ڈی نرسز اور پیرامیڈکس اسٹاف ہڑتال پر ہیں۔  الائیڈ اسپتال اور ڈی ایچ کیو اسپتال میں مریضوں کو پرچی بھی نہیں دی جارہی۔ او پی ڈی بند ہونے کے سبب ہزاروں مریض مشکلات کا شکار ہیں۔

ملتان میں بھی اسپتالوں کی مجوزہ نجکاری کے خلاف ڈاکٹرز احتجاج کر رہے ہیں۔  نشتر اسپتال کی او پی ڈی بند ہے اور ینگ ڈاکٹرز حکومت کے خلاف روزانہ جمع ہوکر حکومت کے خلاف نعرے بازی کر رہے ہیں۔ علاج کی غرض سے دوردراز کے علاقوں سے آنے والے مریض شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

رحیم یار خان کے شیخ زید اسپتال میں ینگ ڈاکٹرز ہڑتال پر ہیں، انہوں نے او پی ڈیز اور آؤٹ ڈور کا بائیکاٹ کررکھا ہے۔


متعلقہ خبریں