مریم نواز کو پارٹی عہدہ دیے جانے کیخلاف درخواست دائر


اسلام آباد:مریم نواز کو پارٹی عہدہ دیے جانے کےمسلم لیگ نواز کے فیصلے کیخلاف باضابطہ درخواست دائر کردی گئی ۔ مریم نواز کے خلاف درخواست  الیکشن کمیشن آف پاکستان میں دائر کی گئی ہے۔

درخواست تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کے اراکین قومی اسمبلی کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔ بیرسٹر ملائکہ بخاری، میاں فرخ حبیب، جویریہ ظفر آہیر اور کنول شوذب درخواست گزاروں میں شامل ہیں۔

درخواست میں مریم نواز کی بطور نائب صدر تقرری کے ن لیگی فیصلے کو آئین و قانون سے متصادم قرار دیا گیا ہے۔ درخواست میں ان تمام قانونی بنیادوں کا احاطہ کیا گیا ہے جن کی رو سے مریم نواز کسی بھی سیاسی و عوامی عہدے کیلئے نااہل ہیں۔

پی ٹی آئی اراکین قومی اسمبلی کی طرف سے تیار کی گئی درخواست میں عدالت عظمیٰ کے فیصلوں کا بھی مفصل ذکر موجود ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیاہے کہ احتساب عدالت نے مریم نواز کو عوامی عہدے کیلئے نااہل قرار دیا۔ پارٹی عہدہ نجی حیثیت کا حامل نہیں ہوتا،سیاسی جماعتوں کا پورے سیاسی نظام پر اثررسوخ ہوتا ہے۔

درخواست میں کہا گیاہے کہ پارٹی صدر کی عدم دستیابی پر مریم نواز قائمقام صدر کے اختیارات استعمال کرینگی۔ کیسے ممکن ہے اراکین اسمبلی آرٹیکل 62 ، 63 پر پورا اتریں اور انہیں کنٹرول کرنے والے نہیں؟
پی ٹی آئی رہنماؤں کی طرف سے دائر درخواست میں کہا گیاہے کہ سپریم کورٹ نوازشریف کو بھی پارٹی عہدے کیلئے نااہل قرار دے چکی ہے۔ مریم نواز کو عہدہ رکھنے کی اجازت دینا نوازشریف کو اجازت دینے کے مترادف ہے

استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن مریم نواز کی بطور پارٹی نائب صدر تعیناتی کالعدم قرار دے۔

پی ٹی آئی کے اراکین قومی اسمبلی فرخ حبیب، ملائکہ بخاری،کنول شوذب اور جویریہ ظفر  نے الیکشن کمیشن کے باہر ذرائع ابلاغ سے گفتگو بھی کی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آج 4 اراکین قومی اسمبلی نے اپنے پارٹی منشور کو آگے بڑھاتے ہوئے درخواست دائر کی ہے۔ عدالت سے سزا یافتہ مریم نواز کو پارٹی کا نائب صدر مقرر کیا گیا ہے۔

ملائکہ بخاری نے کہا جو شخص 62،63 پر پورا نہیں اترتا وہ پارٹی عہدہ نہیں رکھ سکتا۔ مریم نواز کی بطور نائب صدر تقرری کو چیلنج کیا ہے۔ مریم نواز شریف نے ہمیشہ اپنے عہدے کو پاکستان کے اداروں کے خلاف استعمال کیا ہے۔ مریم نواز پاکستان کے اداروں کو متنازع بناتی رہی ہیں۔

یاد رہے کچھ روز قبل وفاق میں حکمران جماعت پاکستان  تحریک انصاف نے  مریم نواز کو پارٹی عہدہ دیے جانے پر عدالت سے رجوع کا فیصلہ کیاتھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف نے مریم نواز کو پارٹی کا نائب صدر بنانے کو بزریعہ رٹ پٹیشن عدالت  اور الیکشن کمیشن میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیاہے۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کو مسلم لیگ ن کا نائب صدر بنانے پر تحریک انصاف  کی قیادت کا اعتراض سامنے آنے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیاہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے سینئیر رہنماوزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سوال اٹھا دیاہے کہ  عدالت سے سزا یافتہ مریم نواز کومسلم لیگ ن کا نائب صدر  کیسے بنایا جاسکتا ہے؟

شاہ محمود قریشی  نے  مریم نواز کو پارٹی عہدہ دیے جانے  کے معاملے کو ہر سطح  پر اٹھانے کا فیصلہ کیاہے۔

یہ بھی پڑھیے:تحریک انصاف کا مریم نواز کو پارٹی عہدہ دیے جانے پر عدالت سے رجوع کا فیصلہ

شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ عدالت سے سزا یافتہ ملزم کو پارٹی عہدہ نہیں دیا جاسکتا۔ مریم نواز بھی سزا یافتہ ہیں انہیں کسی صورت  پارٹی عہدہ نہیں دیا جاسکتا۔


متعلقہ خبریں