دوسرے ون ڈے میں جنوبی افریقی ویمنز ٹیم کامیاب

پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ویمنز ٹیمیں دوسرے ون ڈے میں مدمقابل ہونگی

بولرز کی جانب سے شاندار کارکردگی کے نتیجے میں جنوبی افریقہ ویمنز ٹیم نے پاکستان کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

جنوبی افریقہ میں جاری آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کے ایک میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت پر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔

پاکستان کے ٹاپ آرڈر نے بہتر کارکردگی دکھائی۔ اوپنرز ناہیدہ خان اور سدرہ امین نے ٹیم کو 50 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ ایک موقع پر پاکستان نے اسکور بورڈ پر 84 رنز بنالیے تھے جبکہ اس کی صرف ایک وکٹ ہی گری تھی۔

تاہم اس موقع پر جنوبی افریقہ نے میچ میں شاندار کم بیک کیا اور ایک کے بعد ایک پاکستانی بلے باز پویلین لوٹتی گئیں اور پوری ٹیم 147 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان کی جانب سے ناہیدہ خان 37 اور بسمہ معروف 32 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے مساباتا کلاس نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں جنوبی افریقہ نے 147 رنز کا ہدف باآسانی 37ویں اوور میں حاصل کرلیا۔

میزبان ٹیم کی جانب سے لورا وولوارٹ نے 74 جبکہ لیزیلے لی نے 40 رنز بنائے۔ پاکستانی بولرز صرف دو ہی کھلاڑیوں کو آؤٹ کرپائے۔

پہلا ون ڈے پاکستان ویمنز ٹیم نے8وکٹوں سے جیتا تھا۔ تین میچوں کی سیریز اب 1-1 سے برابر ہوگئی ہے۔

یہ بھی پڑھیے:ثنا میر کی چار وکٹیں، جنوبی افریقہ ویمن ٹیم کو آٹھ وکٹوں سے شکست

واضح رہے کہ آئی سی سی ویمنز چمپئن شپ کے سلسلے میں قومی ویمنز ٹیم جنوبی افریقہ کے دورے پر ہے۔ سیریز کا تیسرا ون ڈے 12 مئی کو کھیلا جائے گا۔

اس کے علاوہ پانچ ٹی 20 میچز کی سیریز کا پہلا میچ 15 مئی، دوسرا 18 مئی، تیسرا 19 مئی، چوتھا 22 مئی اور پانچواں میچ 23 مئی کو کھیلا جائے گا۔


متعلقہ خبریں