منی لانڈرنگ کا ملزم محمد سہیل گرفتار

فوٹو: فائل


کراچی: قومی احتساب بیورو(نیب) کراچی نے منی لانڈرنگ کے ملزم محمد سہیل کو گرفتار کر لیا۔

نیب کے مطابق ملزم پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن کے لیے منی لانڈرنگ کرتا رہا اور 2012 سے اب تک منی لانڈرنگ کر رہا تھا۔

نیب نے بتایا کہ ملزم کا کراچی چندریگر روڈ پر منی ایکسچینج کا دفتر ہے.

ذرائع کے مطابق احتساب عدالت کراچی نے ملزم کو 14 مئی تک جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا

ذرائع نے بتایا کہ نیب نے کراچی کی معروف شاہراہ آئی آئی چندریگرروڈ پر واقع منی ایکسچینج میں کارروائی کی اور منی لانڈرنگ میں ملوث ملزم محمد سہیل کو گرفتار کیا۔

یہ بھی پڑھیں: آصف زرداری 9 مئی کو نیب راولپنڈی طلب

واضح رہے شرجیل میمن کو کرپشن الزامات پر 2017 میں رینجرز کی مدد سے گرفتار کیا گیا تھا۔

نیب نے شرجیل میمن سمیت 12 ملزمان کے خلاف عدالت میں ریفرنس دائر کیا تھا جس میں ملزمان پر پانچ ارب روپے سے زائد کی بدعنوانی کا الزام تھا۔

شرجیل میمن کوان الزامات کا سامنا رہا کہ بطور وزیر اطلاعات و نشریات انہوں نے میڈیا کو اشتہارات کی مد میں جاری رقم میں خرد برد کی۔

نیب نے بتایا تھا کہ جولائی 2013 سے جون 2015 کے دوران ایف ایم ریڈیو اور ٹی وی پر عوامی آگاہی مہم چلائی گئی تھی اور اس مد میں قومی خزانے کو تین ارب 27 کروڑ کا نقصان ہوا۔

یہ الزامات بھی عائد کیے گئے تھے کہ اپنی پسندیدہ کمپنیوں کو مارکیٹ نرخوں سے زائد نرخوں پر اشتہارات دیئے گئے جس سے 78 کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔


متعلقہ خبریں