ن لیگی کارکنان پر ریلی نکالنے پر مقدمہ درج


لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں مسلم لیگ ن کے کارکنوں کے خلاف ریلی نکالنے پر مقدمہ درج کرلیا گیا۔

ہم نیوز کے مطابق مقدمہ تھانہ کوٹ لکھپت میں سب انسپکٹر امجد قمر کی مدعیت میں درج کیا گیا جس میں ساؤنڈ سسٹم ایکٹ اور ریلوے ایکٹ کی خلاف ورزی کی دفعات شامل ہیں۔

ایف آئی آر کے مطابق ن لیگی کارکنان نے شنگھائی پل کے قریب روڈ کو بلاک کیے رکھا اور گاڑیوں پر ساؤنڈ سسٹم لگا رکھے تھے۔

مقدمے میں کہا گیا ہے کہ ن لیگی کارکنان اسپیکر کے ذریعے حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے جبکہ کوٹ لکھپت ریلوے ٹریک پر ٹرین کو بھی روکا۔

مزید پڑھیں: سابق وزیراعظم نواز شریف کوٹ لکھپت جیل منتقل

دوسری جانب ترجمان مسلم لیگ ن نے مقدمے کے اندراج پر شدید مذمت کرتے ہوئے اسے افسوس ناک قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران صاحب ہماری آواز اب آپ کا عوام پر ظلم کا ہر راستہ بند کرے گی ، جتنے مقدمے کرنے ہیں شوق سے کریں۔

انہوں نے کہا کہ عمران صاحب یہ مقدمے اب ہمارا اور عوام کی آواز نہیں روک سکتے۔

یہ بھی پڑھیے:سپریم کورٹ :نواز شریف کی ضمانت میں توسیع کی درخواست مسترد

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب نہ کوئی پارلیمنٹ پہ حملہ ہوا، نہ سرکاری املاک کو نقصان پہنچا، نہ سول نافرمانی اور ہنڈی  کی کال دی ، نہ “گلے سے گھسیٹ دو” کے نعرے لگے اور نہ ہی پولیس والوں کے سر پھٹے،  پھر پر امن کارکنوں پہ یہ مقدمہ کیوں؟

انہوں نے کہا کہ مقدمہ میں لکھا ہے کہ حکومت کے خلاف نعرے لگے ہیں تو آپ کو آپ کی عوام دشمنی، نالائقی اور نااہلی  پہ سلامی دیتے، آپ تو گالیاں دیتے رہے پھر بھی آپ پر کوئی پرچہ نہ ہوا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے پر امن کارکن اور ورکر اپنے قائد کے ساتھ محبت اور اظہارِ یکجہتی کرنے جیل تک کیا گئے آپ اتنے خوفزدہ ہو گئے کہ مقدمہ درج کرا دیا۔


متعلقہ خبریں